ایک چوتھائی پوسٹل ووٹ پڑنے کی صورت میں یہ ریاست میں ریکارڈ بنے گا، الیکشن اتھارٹیز
شکاگو(پاکستان نیوز) الی نائے اسٹیٹ بورڈ آف الیکشن نے انکشاف کیا ہے کہ نومبر میں ہونیوالے انتخاب میں بذریعہ ای میل ووٹ ڈالنے کیلئے بدھ تک 17 لاکھ 69 ہزار 803 درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔ بورڈ کے ترجمان کے مطابق ان درخواستوں پر جمعرات سے ضروری امور کی تکمیل کرتے ہوئے 4 اکتوبر سے درخواست گذاروں کو پوسٹل بیلٹ کی ترسیل شروع کر دی جائیگی اور اگر 3 نومبر کے انتخابات میں متذکرہ بالا تعداد کے چوتھائی ووٹرز نے بھی ووٹ ڈال دیئے تو یہ ریاست کی تاریخ میں نیا ریکارڈ ہوگا۔ ترجمان کے مطابق ایک چوتھائی پوسٹل ووٹ 4 لاکھ 12 ہزار سے متجاوز ہونگے جو 2018ء میں پڑنے والے تین لاکھ پچاس ہزار ووٹ کے گزشتہ ریکارڈ کو توڑ کر نئے ریکارڈ کا باعث ہوگا۔ ترجمان کے مطابق پوسٹل بیلٹس کے حوالے سے جون میں گورنر پریٹیزکر کے نئے قانون پر دستخط کے بعد ہماری کوشش ہے کہ اس صورتحال میں شکاگو لینڈکے زیادہ سے زیادہ ووٹرز کو ووٹ کے استعمال کا حق استعمال کرنے کا موقع دیا جائے۔