پاکستانیوں کی وطن واپسی پر امریکہ میں غیر معمولی صورتحال کا سامنا ہے: پاکستانی سفیر

0
157

وزیراعظم کے اسپیشل اسسٹنٹ اور ایمبیسی اس معاملے پر مسلسل کام کر رہے ہیں
ڈاکٹر اسد مجید خان کی پاکستانی کمیونٹی کو رمضان المبارک کی مبارکباد
ماہ صیام مغفرت اور نجات کا مہینہ،کورونا سے جاں بحق مریضوں کے ثواب کیلئے دعا کی اپیل

واشنگٹن(پاکستان نیوز) امریکہ میں پھنسے پاکستانیوں کے لیے سپیشل فلائٹس کے معاملے پر امریکہ میں ہمیں غیر معمولی صورتحال کا سامنا ہے، جسے حل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔” یہ بات امریکہ میں پاکستان کے سفیر اسد مجید خان نے وائس آف امریکا سے ایک خصوصی بات چیت میں کہی ہے۔ اسد مجید خان نے کہا ہے کہ ایسے تمام پاکستانی جو وطن واپس جانا چاہتے تھے ان سے ایمبیسی نے فرداً فرداً رابطہ کیا ہے۔ اور ایسے افراد کی ایک جامع فہرست موجود ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے اس بات کو تسلیم کیا کہ امریکہ سے پاکستانیوں کی واپسی کے حوالے سے کچھ تاخیر ہوئی ہے۔ لیکن، انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے اسپیشل اسسٹنٹ اور ایمبیسی اس معاملے پر مسلسل کام کر رہے ہیں اور سپیشل فلائٹس کا آپشن موجود ہے، جس پر پاکستان کی قومی ائیر لائین پی آئی اے کو مد نظر رکھا جا رہا ہے۔ امریکی حکومت اور محکمہ خارجہ کے پاکستان کے ساتھ تعاون کے حوالے سے سفیر نے کہا کہ ابھی تک سفارت خانے کو کسی غیر معمولی مدد کی ضرورت کا معاملہ پیش نہیں آیا۔ انہوں نے کہا کہ “پی آئی اے کی امریکہ میں سپیشل فلائٹس لانے کے لیے کلیرنس کی ضرورت ہے اور امریکی حکومت اس بات کی حمایت کرتی ہے۔ ایمبیسی اس سلسلے میں بہت سا وقت اور توانائی صرف کر رہی ہے۔ اسلام آباد بھی اس بارے میں فوکسڈ ہے۔ اس میں امریکہ کے حوالے سے خاص طور پر ہمیں غیر معمولی صورتحال کا سامنا ہے اور ہم اس کو ریزالو کرنے کی پوری کوشش کر رہے ہیں۔” سفیر نے مزید بتایا کہ اس وقت گیارہ سو سے بارہ سو تک ایسے پاکستانی ہیں جو واپس وطن جانا چاہتے ہیں، لیکن اس فہرست میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے اس تاثر کو غلط قرار دیا کہ قطری مسافر ایئرلاینز، قطر ایئرویز کی بکنگ پاکستانی ایمبیسی کے ذریعے ہو رہی ہے۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ قطرایئرویز خود ہی ہوائی سفر کی ٹکٹ کی قیمت مقرر کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اسی لیے پی آئی اے کی سپیشل فلائٹ لانے کی کوشش کر رہا ہے، تاکہ پاکستانی کم خرچے میں وطن واپس لوٹ سکیں۔ دوسری طرف امریکہ میں متعین پاکستان کے سفیر ڈاکٹر اسد مجید خان نے رمضان المبارک کے آغاز پر اپنے پیغام میں تمام مسلمانوں ، ہم وطنوں اور باالخصوص امریکہ میں پاکستانی کمیونٹی کو رمضان المبارک کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ رمضان المبارک رحمت، مغفرت اور نجات کا مہینہ ہے۔ ڈاکٹر اسد مجید خان نے کہا کہ ہمہیں چاہئے کہ اس موقع پر ہم سب مل کر ان لوگوں کے لئے بھی دعا کریں جو بد قسمتی سے کوویڈ 19 کی وباءمیں جاں بحق ہوگئے۔ ڈاکٹر اسد مجید خان نے بیمار وں کی جلد صحتیابی کے لئے دعا اور نیک تمنا وں کا اظہار بھی کیا۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here