موسم گرما کی رونقیں!!!
جون کا مہینہ امریکہ میں شدید ترین گرمی کا مہینہ ہوتا ہے مگر اسی عرصے میں بے شمار تقریبات کا انعقاد ہوتا ہے۔ سب سے پہلے بچوں کی گریجویشن والدین کے لیے مسرت کا باعث بنتی ہے، خواہ بچہ کنڈرگارڈن کا ہو یا پھر اعلیٰ ڈگری حاصل کر رہا ہو، والدین کے لیے یہ یکساں خوشی کا موقع ہوتا ہے۔ وہ اس مسرت کو نہائت اہتمام سے مناتے ہیں اور ہر سو گریجویشن کی تقریبات کا سلسلہ شروع ہو جاتا ہے۔ لوگ گھروں، مطاعم اور دیگر مناسب مقامات پر جمع ہو کر خوشیاں مناتے ہیں۔ اس کے بعد جون اور جولائی کے مہینوں میں شادیوں کی متعدد دعوتیں منتظر ہوتی ہیں اور انسان کے لیے یہ فیصلہ کرنا مشکل ہو جاتا ہے کہ کس تقریب میں شرکت کی جائے اور کس سے معذرت کی جائے۔ یہ تمام رونقیں اللہ تعالیٰ کی رحمت ہیں کیونکہ ایک زمانہ تھا جب امریکہ میں پاکستانی آبادی بہت کم تھی اور لوگ کسی بھی واقف کار کو مدعو کر لیتے تھے۔ اس دور میں جسے بھی دعوت نامہ ملتا وہ خوش ہو جاتا کہ روایتی لباس پہننے کا موقع ملے گا، کیونکہ اس وقت یہاں شادیاں بہت کم ہوتی تھیں اور زیادہ تر لوگ پاکستان جا کر شادی کرنا پسند کرتے تھے۔
ان مہینوں میں منعقد ہونے والی دیگر اہم تقریبات میں کتب کی رونمائی اور مشاعرے شامل ہیں، کیونکہ موسم گرما میں شعراء کرام کے لیے دیگر ممالک سے آمد آسان ہو جاتی ہے۔ اس کے علاوہ پاکستانی ثقافتی پروگرام اور اگست میں یومِ آزادی کی تقریبات اپنے عروج پر ہوتی ہیں۔ ان پروگراموں کی وجہ سے پاکستان سے مختلف فنکار بھی امریکہ کا دورہ کرتے ہیں کیونکہ گرمیوں میں نیویارک جیسے شہر میں قیام اور گردش و نہاد آسان ہوتی ہے۔ اسی عرصے میں مختلف ممالک جیسے پاکستان، برطانیہ اور متحدہ عرب امارات سے مہمانوں اور سیاحوں کی آمد کا سلسلہ بھی شروع ہو جاتا ہے، اور یوں دیکھتے ہی دیکھتے گرمیوں کے یہ خوبصورت ایام گزر جاتے ہیں۔
نیویارک میں ستمبر سے اپریل تک شدید سردی کا موسم رہتا ہے، اسی لیے تمام لوگ گرمیوں کا شدت سے انتظار کرتے ہیں۔ اس موسم میں بچوں کو تعلیمی اداروں سے تعطیلات ہوتی ہیں جن کا درست استعمال ضروری ہے۔ والدین کی یہ بھی ذمہ داری ہوتی ہے کہ وہ بچوں کو سیر و تفریح کے لیے لے جائیں، جبکہ بچے ساحلِ سمندر اور مختلف نمائشوں میں جانے کے لیے بے تاب رہتے ہیں جہاں تفریحی سرگرمیاں میسر ہوتی ہیں۔ ان ہی مہینوں میں علمائ کرام بھی پاکستان اور مشرقِ وسطیٰ سے تشریف لاتے ہیں اور درس و تدریس کے پروگرام بھی ترتیب دیے جاتے ہیں۔
اگرچہ نیویارک کی رونقیں ہمیشہ قائم رہتی ہیں مگر ان مہینوں میں ان میں نمایاں اضافہ ہو جاتا ہے۔ تمام سرد علاقے جیسے شکاگو، ورجینیا اور واشنگٹن نہ صرف انتہائی خوبصورت ہو جاتے ہیں بلکہ کھلتے ہوئے پھول اور پْر رونق شامیں ان شہروں کی گہما گہمی کو مزید بڑھا دیتی ہیں۔ اللہ تعالیٰ ان تمام رونقوں کو ہمیشہ شاد و آباد رکھے۔ آمین۔













