ٹورنٹو (پاکستان نیوز)کینیڈا کے مغربی صوبہ برٹش کولمبیا کی سیاسی تاریخ میں ایک سنہری باب کا اضافہ ہو گیا ہے جہاں پاکستانی نڑاد کینیڈین رہنما ذیشان واہلہ نے صوبائی کابینہ میں وزیر مملکت برائے ہاؤسنگ کی حیثیت سے باقاعدہ حلف اٹھا لیا ہے۔ برٹش کولمبیا کی 150 سالہ پارلیمانی اور سیاسی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے کہ پاکستانی کمیونٹی سے تعلق رکھنے والی کسی شخصیت کو صوبائی وزارت کے منصب پر فائز کیا گیا ہے۔ تقریب حلف برداری کے بعد ذیشان واہلہ کو کینیڈا بھر میں مقیم پاکستانی نڑاد شہریوں اور سیاسی و سماجی حلقوں کی جانب سے مبارکباد کے پیغامات موصول ہو رہے ہیں۔ ذیشان واہلہ طویل عرصے سے برٹش کولمبیا میں عوامی خدمت، سماجی بہبود اور کمیونٹی کے مسائل کے حل کے لیے سرگرم عمل رہے ہیں۔ ان کی اس تاریخی کامیابی کو کینیڈین سیاست میں تارکین وطن اور بالخصوص پاکستانی کمیونٹی کی بڑھتی ہوئی نمائندگی اور اثر و رسوخ کا مظہر قرار دیا جا رہا ہے۔ تجزیہ کاروں کے مطابق برٹش کولمبیا میں رہائش اور ہاؤسنگ کا شعبہ اس وقت سب سے اہم اور حساس معاملہ ہے اور اس کلیدی وزارت کی ذمہ داری ذیشان واہلہ کو سونپنا صوبائی قیادت کے ان پر بھرپور اعتماد کا ثبوت ہے۔ اس تقرری سے نہ صرف نئی نسل کو سیاست میں آگے بڑھنے کی ترغیب ملے گی بلکہ مقامی سطح پر کمیونٹی کے مسائل کو ایوان بالا تک پہنچانے میں بھی مدد ملے گی۔











