نیویارک (پاکستان نیوز)امریکی ٹیلی ویڑن نیٹ ورک نے ایک تفصیلی رپورٹ نشر کی ہے جس میں وفاقی تحقیقاتی ادارے کے ڈائریکٹر کاش پٹیل کے مختلف انٹرویوز کے دوران اپنی شراب نوشی کی عادات کا تذکرہ کرنیوالے بیانات کو یکجا کر کے دکھایا گیا ہے۔ اس نشریات میں کاش پٹیل کے مارچ 2022 سے نومبر 2024 کے درمیان دئیے گئے نو مختلف بیانات شامل ہیں جن میں وہ ہلکے پھلکے انداز میں اپنے پینے کے معمولات کا تذکرہ کر رہے ہیں۔ ایک ویڈیو میں وہ اتوار کے دن کو خدا، ہاکی اور بیئر کے لیے مخصوص قرار دیتے ہیں جبکہ دوسری جگہ وہ ایک پوڈ کاسٹ کے دوران بیئر کی کین کھولتے ہوئے نظر آتے ہیں اور خود ہی یہ تبصرہ کرتے ہیں کہ اگر وہ کبھی سینیٹ کی توثیق کے لیے گئے تو لوگ انہیں شرابی کہیں گے۔ ایک اور موقع پر وہ صبح 9 بجے سے پینے کا ذکر کرتے ہوئے اپنے ساتھی کے ردعمل کا حوالہ دیتے ہیں۔ دوسری جانب کاش پٹیل نے ان الزامات کی سختی سے تردید کی ہے اور انہیں سراسر غلط قرار دیا ہے۔ انہوں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے اصرار کیا ہے کہ وہ اپنی ملازمت کے دوران کبھی بھی نشے کی حالت میں نہیں رہے اور ان کے ذاتی رویے کو نشانہ بنانا دراصل سیاسی مقاصد کے تحت ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ مہم ان کی ساکھ کو متاثر کرنے کے لیے چلائی جا رہی ہے۔ یہ رپورٹ ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب حال ہی میں ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے بھی ایک عوامی سماعت کے بعد ان کے حوالے سے چند جملے کہے گئے تھے۔













