واشنگٹن(پاکستان نیوز) نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے فاکس نیوز کی اینکر ڈاکٹر جینیٹ نیشیوات کو سرجن جنرل مقرر کردیا۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے فوکس نیوز میں اینکر اور طبی ماہر کے طور پر خدمات انجام دینے والی 48 سالہ ڈاکٹر نیشیوات کو سرجن جنرل کا عہدہ دیدیا۔ نیشیوات جب 13 سال کی تھیں تو غلطی سے اپنے والد پر گولی چلا دی تھی جس سے ان کے والد کی موقع پر ہی موت واقع ہوگئی تھی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ نیشیوات کے ہاتھ کسی کام کے لیے قینچی ڈھونڈنے کے دوران ہاتھ لگنے سے پستول زمین پر گری اور گولی چل گئی۔ گولی نیشیوات کے والد کے سر پر لگی تھی جو جان لیوا ثابت ہوئی۔ جینیٹ نیشیوات نے اپنی کتاب بیونڈ دی اسٹیتھو اسکوپ میں لکھا کہ والد کو بے بسی کے ساتھ مرتے دیکھنے کے اس واقعے نے میری زندگی پر گہرے اثرات چھوڑے اور میڈیکل کا شعبہ منتخب کرنے پر تحریک دی۔ یاد رہے کہ ٹرمپ نئی انتظامیہ کی تشکیل میں اب تک 11 سے زائد افراد اپنے پسندیدہ نیوز چینل فاکس سے لے چکے ہیں۔ نیشیوات کے علاوہ جن جن فاکس نیوز سے شخصیات کو نئی انتظامیہ میں شامل کیا گیا ہے انھیں وزیرِ دفاع، وزیر ٹرانسپورٹیشن، اسرائیل کے لیے امریکی سفیر، ڈائریکٹر نیشنل انٹیلی جنس، انسداد دہشت گردی کے سینئر ڈائریکٹر، قومی سلامتی کے مشیر، سرحدی زار، وائٹ ہاوس پریس سیکرٹری، اٹارنی جنرل، وزیر ہوم لینڈ سکیورٹی، میڈی کیئر کے ایڈمنسٹریٹر، نیٹو کے لیے سفیر میتھیو وائٹکر اور فوڈ اینڈ ڈرگز ایڈمنسٹریٹر کے عہدے دیے گئے۔ 48 سالہ ڈاکٹر جینیٹ نیشیوات چند ہفتوں میں اپنے عہدہ کا حلف اٹھائیں گی۔