نیویارک میں مفت انٹرنیٹ کی فراہمیکیلئے ظہران ممدانی کی کاوشیںرنگ لے آئیں

0
47

نیویارک (پاکستان نیوز)میئر ظہران ممدانی نے شہر کے تمام رہائشیوں کے لیے مفت انٹرنیٹ کی فراہمی کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے وفاقی فنڈز کے حصول کو ایک بڑی کامیابی قرار دیا ہے۔ حال ہی میں کیے گئے ایک اہم اعلان کے مطابق برونکس اور اپر مین ہٹن میں سستے گھروں میں رہنے والے 4000 سے زائد خاندانوں کو مفت انٹرنیٹ کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔ میئر کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ نیویارک کا ہر شہری ڈیجیٹل دنیا سے جڑا رہے۔ حکام کے مطابق شہر کی انتظامیہ نے وفاقی سطح پر 20 لاکھ ڈالر کی رقم حاصل کی ہے جس کے ذریعے 2000 سے زائد اپارٹمنٹس میں تیز رفتار انٹرنیٹ فراہم کیا جائے گا۔ یہ فنڈز اس سے قبل جاری ایک پروگرام کا حصہ ہیں جس میں 32 لاکھ 50 ہزار ڈالر کی لاگت سے پہلے ہی 2200 گھروں کو انٹرنیٹ فراہم کیا جا چکا ہے۔ میئر ممدانی کا ماننا ہے کہ موجودہ دور میں انٹرنیٹ کوئی تعیش نہیں بلکہ ایک بنیادی ضرورت ہے تاکہ لوگ تعلیم، روزگار اور اپنے پیاروں سے رابطے میں رہ سکیں۔ اعداد و شمار بتاتے ہیں کہ برونکس اور اپر مین ہٹن کے بعض علاقوں میں 40 فیصد سے زائد رہائشی انٹرنیٹ کی سہولت سے محروم ہیں جبکہ مجموعی طور پر برونکس کا ہر پانچواں شہری اس سہولت تک رسائی نہیں رکھتا۔ اس منصوبے کے لیے رقم جمع کرنے میں ڈیموکریٹک نمائندے رچی ٹورس نے اہم کردار ادا کیا جنہوں نے اسے کمیونٹی کی صحت اور تعلیم میں ایک بہترین سرمایہ کاری قرار دیا ہے۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ یہ سلسلہ یہیں ختم نہیں ہوگا بلکہ شہر بھر میں ڈیجیٹل وسائل کی فراہمی کے لیے مزید کوششیں جاری رکھی جائیں گی تاکہ کوئی بھی نیویارک باسی اس جدید دور کی دوڑ میں پیچھے نہ رہ جائے۔

 

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here