ڈائیلاگ ’دوٹکے کی عورت‘ پر شوبز شخصیات کا ردعمل

0
295

کراچی:

ڈراماسیریل ’میرے پاس تم ہو‘کے مشہور ڈائیلاگ’دو ٹکے کی لڑکی کے لیے 50 ملین‘کی بازگشت سوشل میڈیا سے نکل کر شوبز انڈسٹری اور کھلاڑیوں تک پہنچ چکی ہے اورفنکار و کھلاڑیوں کے اس ڈرامے اور ڈائیلاگ پر مثبت ومنفی تبصرے سامنے آرہے ہیں۔

اداکار ہمایوں سعید اورعائزہ خان کا مشہور ڈراما’میرے پاس تم ہو‘جہاں مقبولیت میں سب کو پیچھے چھوڑتا جارہا ہے وہیں اسکرین رائٹر خلیل الرحمان قمر کے ڈائیلاگ’دو ٹکے کی لڑکی‘ نے سوشل میڈیا پر نئی بحث کا آغاز کردیا ہے ۔ کئی سوشل میڈیا صارفین اس ڈائیلاگ کو سراہتے ہوئے کہہ رہے ہیں کہ لالچی، خود غرض اوردھوکے باز عورتوں کے ساتھ ایسا ہی ہونا چاہیئے جب کہ عورت کے حقوق اور برابری کی بات کرنے والی خواتین اس ڈائیلاگ کو عورت کی توہین قرار دیتے ہوئے خلیل الرحمان قمرپر تنقید کررہی ہیں۔

اداکارہ ومیزبان ثمینہ پیرزادہ نے سوشل میڈیا پر مشہور ہونے والے اس ڈائیلاگ پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے’’دو مردوں نے آپس میں مہوش کی قیمت طے کرلی اور پھر اسے دو ٹکے کا کہہ دیا۔یعنی عورت کی اپنی کوئی مرضی ہے ہی نہیں۔ واہ رے پیدار شاہی ذہن اور سوچ۔‘‘

وہیں دوسری طرف ’’ہم سفر‘‘، ’’اڈاری‘‘ جیسے کامیاب ڈراموں کی مصنفہ فرحت اشتیاق نے بھی سوشل میڈیا پر اس ڈائیلاگ پر تنقید کرتے ہوئے کافی لمبی چوڑی پوسٹ کی ہے۔ انہوں نے معاشرے کے دوہرے معیار کو آئینہ دکھاتے ہوئے لکھا، اگر عورت آدمی کے ساتھ دھوکا کرے تو کہا جاتا ہے۔ ’’دوٹکے کی عورت، بے حیا عورت،لالچی گھٹیا عورت، جہنم میں جائے گی، عورت تو ہے ہی فتنہ، اچھے آدمی کی زندگی تباہ کردی، پورے خاندان کی ناک کٹوادی، جاؤ مرجاؤ مگر واپس مت آنا، دو ٹکے کی عورت‘‘۔

لیکن جب آدمی عورت کے ساتھ  دھوکا کرے تو کہا جاتا ہے’’ وہ کسی دوسری عورت نے پھنسایا بیچارے کو، معاف کردو غلطی ہوگئی، بہک گیا تھا بیچارا، کالا جادو ہوگیا تھا بیچارے پر، اپنے بچوں کے لیے معاف کرنا پڑتا ہے، دل بھر جائے گا تو واپس تمہارے پاس ہی آئے گا آخر بیوی ہو، ان کی فطرت میں ہی انکار نہیں ہے، آزمائش تھی بیٹی تمہاری، اس کو برا مت بولو شوہر ہے تمہارا، صبر کرلو بیٹی سب ٹھیک ہوجائے گا۔

جہاں اس ڈرامے اورڈائیلاگ پر شوبز فنکاروں نے تنقید کی وہیں اداکار عمران عباس نے اس ڈرامے کو ماسٹر پیس قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسے ڈرامے دہائیوں میں بنتے ہیں جو ہمیشہ یاد رکھے جاتے ہیں۔ انہوں نے ڈرامے کے ہدایت کار، مصنف اور اداکاروں کو اتنی بہترین کاوش پیش کرنے پر سراہا۔

ڈراما سیریل’میرے پاس تم ہو‘نے پاکستانی عوام و فنکاروں کے ساتھ کرکٹرز کو بھی مسحور کردیا اور اظہر علی نے ٹوئٹر پر ڈرامے اور اداکاروں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ خلیل ارحمان قمر نے بہترین ڈراما لکھا ہے۔

 

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here