نیویارک (مانیٹرنگ ڈیسک) ملعون سلمان رشدی کے ایجنٹ نے تصدیق کی ہے کہ دو ماہ قبل نیویارک میں ہونیوالے حملے کی وجہ سے سلمان رشدی کی ایک آنکھ ضائع ہوگئی ہے جبکہ وہ ایک ہاتھ کے استعمال سے بھی محروم ہو گئے ہیں۔12اگست 2022 کو اسلام مخالف،اور توہین آمیز ناول کے حوالے سے 75 سالہ مصنف سلمان رشدی پر قاتلانہ حملہ کیا گیا اور ان کی گردن اور دھڑ میں چھرا گھونپ دیا گیاتھا۔ سپین کے میڈیا کو ایک انٹرویو میں سلمان رشدی کے ایجنٹ اینڈریو وائلی نے بتایا کہ سلمان رشدی کے زخم گہرے تھے، وہ ایک آنکھ کی بینائی کھو چکے ہیں، ان کی گردن میں 3سنگین زخم ہیں، ان کا ایک ہاتھ ناکارہ ہوچکا ہے کیونکہ ان کے بازو کے ریشے کٹ چکے ہیں، اس کے علاوہ ان کے سینے اور دھڑ میں تقریباً 15 مزید زخم ہیں۔ایجنٹ نے یہ بتانے سے انکار کر دیا کہ آیا رشدی اب بھی ہسپتال میں زیرعلاج ہیں یا نہیں، 75 سالہ ملعون مصنف 1988میں شائع کردہ اپنے ناول ”شیطانی آیات” کی وجہ سے دنیا بھر کے مسلمانوں کی تنقید کی زد میں آگئے تھے اور مسلم دنیا میں ان کو قتل کرنے کے فتوے بھی جاری کیے گئے تھے۔