واشنگٹن(پاکستان نیوز) امریکہ نے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم پاکستان عمران خان کی گرفتاری سے آگاہ ہیں۔ وائٹ ہائوس کی پریس سیکرٹری نے پریس بریفنگ میں کہا کہ پہلے بھی واضح کیا ہے کہ امریکہ کسی ایک سیاسی شخصیت یا پارٹی کی حمایت نہیں کرتا۔ ہم دنیا کے تمام ممالک میں جمہوری اصولوں اور قانون کی عملداری کی حمایت کرتے ہیں۔ اس حوالے سے مزید معلومات کیلئے پاکستان کی حکومت سے رابطہ کیا جانا چاہئے۔ وزیراعظم برطانیہ رشی سونک نے کہا کہ عمران کی گرفتاری پاکستان کا اندرونی معاملہ ہے۔ امریکہ کے رکن کانگریس بریڈ شرمین نے عمران خان کی گرفتاری بدعنوانی پر مبنی قرار دے دی۔ بیان میں انہوں نے کہا کہ عمران خان کی گرفتاری سے پورے ملک میں پی ٹی آئی رہنماں اور کارکنوں کی گرفتاری کا جواز نہیں بنتا۔ عمران خان کی لائیو سٹریمنگ ہو تاکہ لوگوں کو پتہ ہو کہ وہ محفوظ ہیں۔ افغانستان کے لیے امریکہ کے سابق نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد نے عمران خان کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان کی گرفتاری افسوسناک ہے اور اس کے بہت دور رس نتائج ہوں گے، میں اس کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتا ہوں۔ ٹوئٹر پر جاری بیان میں کہا کہ قدیم تقافتی ورثے ، قدرتی وسائل، کاروباری جذبہ رکھنے اور محنتی لوگوں کی صلاحیتوں سے مالا مال اس ملک کو بعض ماضی کی مثالوں کو چھوڑ کر اپنے ہی غیر فعال اشرافیہ سویلین اور فوج کے ہاتھوں بار بار افراتفری میں دھکیلنے کے واقعات تکلیف دہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک ایسے ملک کے لیے جو اپنا قومی مقصد اپنے اسلامی تشخص سے متعین کرتا ہے، یہ کتنے افسوس کی بات ہے کہ وہ دنیا کو یہ تماشا پیش کرے اور ایک کامیاب معاشرے کی کئی نشانیوں میں بھارت سے مزید پیچھے رہ جائے۔ دنیا کو اس گرفتاری کی مذمت کرنی چاہیے، پاکستان کے ساتھ مضبوط تعلقات رکھنے والے ممالک کو چاہیے کہ وہ ملکی رہنماں کو ایک ایسے معاہدے تک پہنچنے میں مدد کریں جو آنے والے بحران کو روکے۔ امریکہ، برطانیہ، کینیڈا، یورپی یونین نے ٹریول ایڈوائزری جاری کردی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ٹریول ایڈوائزی میں کہا گیا ہے کہ شہری آزاد کشمیر، بلوچستان، کے پی کے میں غیرضروری سفر سے گریز کریں۔ کمشن نے کہا کہ دہشت گردی، بدامنی اور اغوا کا خطرہ ہے۔ مغربی طرز کے ریستورانوں اور شاپنگ سینٹرز میں محتاط رہیں۔ اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور اور کراچی میں سکیورٹی فورسز ہائی الرٹ پر ہیں۔ شہری ان علاقوں میں جانے سے گریز کریں جہاں مظاہرے ہو رہے ہوں۔سکاٹ لینڈ کے فرسٹ منسٹر حمزہ یوسف نے پاکستان کی صورتحال کو پریشان کن قرار دیدیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میرے دل کے بہت قریب ہے۔ صبروتحمل کا رویہ اپنانے کی عالمی برادری کی آواز کے ساتھ ہیں۔ حمزہ یوسف کا مزید کہنا تھا کہ قانون کی عملداری جمہوریت کے احترام کیلئے عالمی برادری کی آواز کے ساتھ ہیں۔