سعودی عرب میں میوزیکل شو میں فنکاروں پر حملہ کرنے والے کو سزائے موت

0
478

ریاض: سعودی عدالت نے میوزیکل کنسرٹ کے دوران اسٹیج پر رقص کرنے والے غیر ملکی طائفے پر تیز دھار چاقو سے حملہ کرنے والے یمنی شخص کو سزائے موت سنا دی۔

العربیہ نیوز کے مطابق سعودی دارالحکومت ریاض میں ہونے والے میوزیکل کنسرٹ میں تین فن کاروں کو چاقو گھونپنے والے مجرم کو مقامی عدالت نے سزائے موت سنائی جب کہ مجرم کی معاونت پر ایک شخص کو 12 سال قید کی سزا سنائی گئی ہے تاہم دونوں ملزمان کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی۔

دوسری جانب سعودی اخبار الاخباریہ نے اپنی رپورٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ حملہ آور یمن میں القاعدہ جنگجوؤں سے رابطے میں تھا اور وہیں سے ملنے والے احکامات پر عمل کرتے ہوئے 11 نومبر کو میوزیکل کنسرٹ میں فنکاروں پر حملہ کیا تھا۔ حملہ آور سعودی عرب میں ہونے والی انقلابی تبدیلیوں کا سخت ناقد بھی ہے۔

ولی عہد محمد بن سلمان کے وژن 2030ء کے تحت سعودی عرب میں معاشی، ثقافتی اور سماجی تبدیلیاں لائی جارہی ہیں جس کے تحت خواتین کو بااختیار بنایا جا رہا ہے اور میوزیکل کنسرٹ کی بھی مشروط اجازت دے دی گئی ہے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here