کراچی:
سندھ حکومت کے مشیر قانون بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ ون وے قانون کی خلاف ورزی پر سندھ حکومت کو اعتماد میں نہیں لیا گیا، ایڈیشنل آئی جی کو گرفتاریاں نہ کرنے کی ہدایت کردی۔
اپنے بیان میں بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے اس قانون پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ون وے ٹریفک کے معاملے پر محکمہ داخلہ اور سندھ حکومت کو اعتماد میں نہیں لیا گیا، وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اس معاملے پر بہت فکرمند ہیں اور انہیں شہریوں کی پریشانی کا احساس ہے۔
یہ پڑھیں : رانگ وے آنے پر ایف آئی آر کیوں؟ آئی جی سندھ اور چیف سیکریٹری سے جواب طلب
صوبائی مشیر نے ایڈیشنل آئی جی ٹریفک سے اس گھمبیر معاملے پر مفصل گفت و شنید کی اور کہا کہ اس خلاف ورزی پر کسی کے خلاف ایف آئی آر کا اندراج نہیں کیا جائے اور نہ ہی کوئی گرفتاری عمل میں لائی جائے۔
انہوں نے کہا کہ شہری بھی ٹریفک قوانین کی پاس داری کرتے ہوئے مہذب شہری ہونے کا ثبوت دیں اور گاڑیوں کو ون وے کے مخالف سمت میں نہ چلائیں مزید برآں اپنی قانونی دستاویزات اپنے ساتھ رکھیں۔