دی ہیگ(پاکستان نیوز) غیر قانونی اور ممنوعہ اشیا کی خریداری اور غیر اخلاقی کاموں کے لیے مشہور ڈارک ویب کے خلاف عالمی منظم آپریشن کے دوران 150 کارندوں کو گرفتار کرکے بھاری مقدار میں کرنسی، منشیات اور اسلحہ بھی برآمد کیا گیا ہے۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق یورپی یونین کی عالمی سطح پر قانون نافذ کرنے والی ایجنسی یوروپول نے امریکا، جرمنی، برطانیہ سمیت کئی ممالک میں ڈارک نیٹ کے ذریعے ممنوعہ اشیا فروخت کرنے والے بیوپاریوں کے خلاف ایک منظم اور موثر آپریشن کیا۔ ڈارک ہن ٹور نامی اس آپریشن میں یوروپول نے 150 سے زائد کارندوں کو حراست میں لیا جن میں سے امریکا میں 65، جرمنی میں 47 اور برطانیہ میں 24 گرفتاریاں ہوئیں۔ یہ افراد غیر قانونی اشیا کی آن لائن فروخت میں ملوث تھے۔ چھاپہ مار کارروائیوں کے دوران لاکھوں یوروز، ڈیجیٹل کرنسی بٹ کوائن، منشیات اور اسلحہ بھی برآمد کیا گیا ہے۔ یہ کارروائی یوروپول کی دیگر ممالک کی انٹیلی جنس اداروں کے ساتھ معلومات کی فراہمی اور تعاون کی مدد سے کی گئی تھیں۔ ابھی یہ واضح نہیں کہ ان کارندوں کے خلاف کارروائی کہاں اور کیسے کی جائے گی۔