بیجنگ:
چین نے امریکی الزام کو ایک بار پھر مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اپنی نااہلی اور بد انتظامی کا ملبہ کسی اور کے سر نہ ڈالا جائے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق چین نے دنیا بھر میں کورونا وائرس پھیلانے کے امریکی الزام کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ٹرمپ انتظامیہ اپنی نااہلی سے توجہ ہٹانے کے لیے الزام تراشی پر اتر آئی ہے۔ صدر ٹرمپ اور ان کے وزرا چین پر الزامات لگانے کے بجائے اپنے ملک اور قوم پر توجہ دیں جو ناکافی سہولیات کے باعث بڑی مشکل میں پھنس گئے ہیں۔
یہ خبر بھی پڑھیں : مجھے الیکشن ہروانے کیلیے چین نے کورونا کو بے قابو ہونے دیا، ٹرمپ
چین کی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں امریکا کی جانب سے کورونا وائرس کی ووہان لیبارٹری میں تیاری کے الزام کی بھی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ اقوام متحدہ، عالمی ادارہ صحت اور دیگر اداروں کی جانب سے بارہا انکار کے باوجود امریکا اپنی ہٹ دھرمی پر قائم ہے۔
قبل ازیں امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے دعویٰ کیا تھا کہ کہ چین کے ووہان انسٹیٹیوٹ آف وائرولوجی میں کورونا وائرس کی پیدائش کے بارے میں واضح شواہد مل گئے ہیں جب کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے فوکس نیوز کو انٹرویو میں کورونا وائرس کے دنیا بھر میں پھیلاؤ کا ذمہ دار چین کو قرار دیا تھا۔