ڈاکٹر سخاوت حسین سندرالوی
گزشتہ سے پیوستہ!!!
اسلام میں خاص طور پر عوام کو ایک خاص مقام حاصل ہے، دیگر نظاموں کے بر عکس اسلام کے سیاسی نظام میں عوام کو خواص اوراشراف کے طبقہ سے زیادہ وقعت و اہمیت دی گئی ہے۔ مالک اشتر کے نام تحریرشدہ آپ کے سیاسی و اجتماعی منشور میں اس اہم نقطہ کی طرف پوری توجہ دی گئی ہے۔آپ نے فرمایا ” تمہاری نظر میں بہترین اور پسندیدہ طریقہ کار وہ ہونا چاہیے جو حق کی بنیادپر بہترین ہو۔ انصاف کے لحاظ سے سب کو شامل اور رعایا کی خوشنودی کے مطابق ہو کیونکہ عوام کی ناراضگی خواص کی رضامندی کو بے اثر اور بے اعتبار بنا دیتی ہے اور خواص کی ناراضگی عوام کی رضامندی کے سامنے نظرانداز کی جا سکتی ہے،رعایا میں خواص سے زیادہ کوئی ایسا نہیں جو خوشحالی کے دور میں حکومت پر سب سے بڑا بوجھ اور مشکلات میں مدد سے کترانے والا انصاف سے دور بھاگنے والا اپنی ضروریات کے سلسلے میں سب سے زیادہ توقع رکھنے والا نہ ہو، نیز یہ کہ خواص ہی ہیں جو بخشش و عطا پر بہت کم شکر گزار،محروم کئے جانے پر بہت کم عذر سننے والے اور زمانہ کی بلاﺅں اور مصیبتوں میں بہت کم صبر کرنے والے ہوتے ہیں جبکہ بلا شبہ دین کا مضبوط سہارا مسلمانوں کی قوت اور دشمنوں کے مقابلہ میں سپر عوام ہیں ، لہٰذا تمہاری توجہ ان کی طرف اور تمہاری محبت ان کے ساتھ ہونی چاہئے۔رعایا اور عوام کو قدر کی نگاہوں سے دیکھنا حکمت سے خالی نہیں ہے، اس بات کے دلائل امیرالمومنین حضرت علی کے اسی مکتوب میں بڑی بلاغت اور جامعیت کے ساتھ ذکر ہوئے ہیں جن کا خلاصہ اس طرح ہے۔خواص بہت شاہ خرچ اور اسراف کرنے والے ہیں جبکہ عوام قناعت پسند ، کم خرچ ، اور کم توقع رکھنے والے ہوتے ہیں۔
خوا ص حکومت کی مشکلات میں بہت کم مدد گار ثابت ہوتے ہیںجبکہ عوام سخت مواقع پر حکومت کے یار ومدد گار بن جاتے ہیں۔خواص عدل و انصاف تحمل نہیں کر سکتے ،اس سے گریز کرتے ہیں جب کہ عوام عدل و انصاف کے پیاسے ہوتے ہیں۔خواص بہت چاپلوس اور لالچی ہوتے ہیں جب کہ عوام میں اپنی درخواست پر اسرار ، چاپلوسی یا رونے گڑگڑانے کا اندازہ نہیں پایا جاتا۔خواص کو جس قدر بھی نوازا جائے کم شکر گذار ہوتے ہیں جب کہ عوام پر اگر تھوڑی سی عنایت و نوازش بھی کی جائے تو وہ شکر گذاری اور تعریفیں کرتے نہیں تھکتے۔خواص کے یہاں مشکلات میں صبروتحمل نہیں پایا جاتا جبکہ عوام صابر ، تحمل اور مشکلات سے نبرد آزما رہتے ہیں۔ خواص کو اگر بخشش و عطا کے ذریعے نہ نوازا جائے تو وہ کوئی عذر قبول کرنے کے لئے تیار نہیں ہوتے جب کہ عوام سہل انگاری اور در گذر سے کام لیتے ہیں اور عذر قبول کر لیتے ہیں۔عوام ہمیشہ دین کے پشت پناہ ،امت اسلامیہ کے ناصر و یاور اور دشمنوں کے مقابلے میں سپر طاقت بن جاتے ہیں۔(جاری ہے)
لہٰذا ان کا اعتماد حاصل کرتے ہوئے انہیں ان کے بنیادی حقوق دلا کراور ان کی خبر گیری کے ذریعے اس عوامی طاقت کو محفوظ رکھنا چاہیے، حکومت کو ہر طبقہ کے ساتھ مناسب طرز عمل اور سلوک کا مظاہرہ کرنا چاہیے حکومت اور اس کے ذمہ دار افراد عوام سے دور اور الگ تھلگ نہ رہیں اور اپنے گرد کوئی ایسا حصار قائم نہ ہونے دیں کہ عوام ان تک اپنی بات نہ پہنچا سکیں۔ حکام اور عوام کے براہِ راست تعلق و ارتباط سے بڑے مفید اثرات و نتائج بر آمد ہوتے ہیں۔
حضرت امیرالمومنین علی نے اپنے ایک خط میں مکہ میں متعین اپنے گورنر کو لکھا تھا ”تم لوگوں کے لئے حج کی ادائیگی کا سرو سامان کرو اور انہیں اللہ کے دنوں کی یاد دلاو ظہر و عصر کی نماز کے بعد لوگوں کے ساتھ بیٹھو اور ان کے دینی مسائل کا جواب دو بے علم افراد کو تعلیم دو اور صاحبان علم سے بحث و گفتگو کرو، دیکھو تمہارے اور عوام کے درمیان تمہاری زبان کے علاوہ نہ کوئی اور نمائندہ ہو اور نہ تمہارے چہرے کے علاوہ کوئی اور دربان اور کسی صاحب حاجت سے اپنا چہرہ نہ چھپاو کیونکہ اگر اہل حاجت پہلی مرتبہ تمہارے دروازے سے محروم واپس ہوئے تو بعد میں ان کی حاجت روائی کے بعدبھی تمہاری کوئی تعریف نہ کی جائے گی، اصل میں حکومتوں کے حالات اور عوام و رعایا کے معاملات میں خرابی کا اہم سبب یہ ہوتا ہے کہ حکام اور مملکت کے ذمہ دار افراد حقائق و واقعات سے یا تو خود واقف ہونا نہیں چاہتے، یا وہ ان کے بارے میں کچھ جان ہی نہیں پاتے، گنتی کے چند حاشیہ نشین ،دربار اور قریب رہنے والے افراد حکام کے گرد حلقہ جمائے ریشم کے کیڑے کی مانند انہیں اپنے گھیرے میں لئے رہتے ہیں۔ان کی خوشنودی کے لئے انہیں جھوٹے اطمینان دلاتے رہتے ہیں بحرانوں کا ذکر ہی نہیں کرتے کہ کہیں حکام کے مزاج پر اس کا برا اثر نہ ہو یہ وہی نکتہ ہے جس کی طرف جناب امیرالمومنین حضرت علی نے اشارہ کرتے ہوئے فرمایا ہے کہ ” حکام کو ایسے حصاروں سے بہر حال باہر نکلنا چاہیے۔ نیز انہیں اچھے واسطوں ، ذریعوںاور پَردوں کو درمیان سے ہٹا کر ر عایا کے درمیان آنا چاہئے۔حکومتی کارندوں کے ذریعے حاصل ہونے والی اطلاعات اور اعداد و شمار کو شک کی نگاہ سے دیکھنا چاہئے اور حالات سے براہِ راست آگاہی حاصل کرنی چاہئے۔ حکومت اور عوام کے رابطے کے ایک اور نکتہ پر روشنی ڈالتے ہوئے امیرالمومنین حضرت علی رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے ایک موقع پر فرمایا
’اور اگر عوام یہ گمان کرنے لگیں کہ تم نے ان پر ظلم کیا ہے تو اپنا عذر ان کے سامنے واضح کرو اور صاف بات کرتے ہوئے ان کی بد گمانی دور کرو کیونکہ حقیتاًاس کام میں تمہارے نفس کے لئے ریاضت اور سختی ہے “
حکام کا فریضہ ہے کہ وہ عوام کی غلط فہمیوں کو دور کرنے کی کوشش کریں اور اگر کوئی قابل قبول عذر ہو تو عوام کے سامنے بیان کر دیں کیونکہ عوام کے دل و دماغ میں پیدا ہونے والی یہ گتھیاں ایک نہ ایک دن شورش اور بغاوت کی شکل میں ظاہر ہو کر رہتی ہیں اور ملک و حکومت کو مشکلات سے دو چار کرنے کا موجب بن جاتی ہیں۔
٭٭٭