راہول اور سینیئر رہنماؤں کے درمیان تلخ کلامی، سونیا گاندھی کی مستعفی ہونے کی پیشکش

0
493

نئی دہلی:

راہول گاندھی کی جانب سے کانگریس کے سینیئر رہنماؤں پر حکمراں جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی سے اندرون خانہ ملی بھگت اور تعلقات کے الزامات پر پارٹی میں شدید اختلافات کے بعد سونیا گاندھی نے مستعفی ہونے کی پیشکش کردی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق کانگریس کی سب سے اعلیٰ کمیٹی ’’ کانگریس ورکنگ کمیٹی‘‘ کا اہم اجلاس جاری ہے، یہ اجلاس راہول گاندھی کی جانب سے سینیئر رہنماؤں پر بی جے پی سے خفیہ ساز باز رکھنے کا الزام عائد کرنے اور اس پر سینیئر رہنماؤں کے شدید احتجاج پر طلب کیا گیا ہے۔

قبل ازیں کانگریس کے کئی رہنماؤں نے قیادت میں تبدیلی کے حوالے سے ایک خط لکھا تھا جو میڈیا میں زیر گردش رہا۔ پارٹی کی نگراں صدر سونیا گاندھی نے یہ خط وائرل ہونے پر راجیہ سبھا میں اپوزیشن لیڈر اور  سینیئر رہنما غلام نبی آزاد پر برہمی کا اظہار کیا تھا۔

 

ذرائع کے مطابق اسی خط کے حوالے سے ہی آج کانگریس ورکنگ کمیٹی کا اجلاس طلب کیا گیا ہے جہاں راہول گاندھی اور سینیئر رہنماؤں کے درمیان تلخ کلامی بھی ہوئی جس پر سونیا گاندھی نے پارٹی کی صدارت سے سبکدوشی کے فیصلے سے کمیٹی کو آگاہ کیا تاہم کمیٹی نے استعفی قبول کرنے سے معذرت کرلی۔

دوسری جانب راہول کے گاندھی کے بی جے پی سے ساز باز کے الزام پر سینیئر رہنما کپل سبا نے شدید اعتراضی ٹویٹ کی تھی تاہم بعد میں انہوں نے راہول گاندھی کی وضاحت کے بعد ٹویٹ حذف کردی۔ راہول گاندھی نے سینیئر رہنماؤں پر الزامات کی تردید کی تھی۔

ادھر کانگریس کے ترجمان سرجی والا نے اجلاس میں تلخ کلامی اور سینیئر رہنماؤں پر راہول گاندھی کے الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ میڈیا کو بے بنیاد خبروں سے اجتناب برتنا چاہیئے۔ پارٹی میں معمولی اختلافات ہوتے رہتے ہیں تاہم اسے بڑھا چڑھا کر پیش نہ کیا جائے۔

واضح رہے کہ انتخابات میں بری طرح شکست کے بعد راہول گاندھی نے پارٹی کی صدارت سے استعفیٰ دیدیا تھا جس کے بعد سے سونیا گاندھی بطور نگراں صدر فرائض انجام دے رہی ہیں تاہم ورکنگ کمیٹی نے تاحال راہول گاندھی کا استعفیٰ قبول نہیں کیا ہے۔

 

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here