کراچی:
سوشل میڈیا پر اداکارہ ومیزبان صنم جنگ کی طلاق کی خبریں گردش کررہی ہیں۔
سال 2020 کو جہاں فنکاروں کی شادیوں کا سال کہا گیا وہیں گزشتہ برس فنکاروں کے درمیان طلاق اور علیحدگی کی خبریں بھی منظرعام پر آئیں۔ فرحان سعید، عروہ حسین، فیروز خان اور علیزے فاطمہ کے درمیان علیحدگی کی خبروں نے مداحوں کو چونکاد یا تھا۔ تاہم جہاں ان فنکاروں کی جانب سے علیحدگی کی خبروں کی تصدیق نہیں کی گئی تھی۔ وہیں اداکارہ وماڈل روبیا چوہدری نے اپنے شوہر سے طلاق لینے کی خبر خود انسٹاگرام پر دی تھی۔
اور اب اداکارہ و مارننگ شو کی میزبان صنم جنگ کی طلاق کی خبریں بھی سوشل میڈیا پر زیرگردش ہیں۔ صنم جنگ نے 2016 میں اپنے دیرینہ دوست عبدل قسام جعفری سے شادی کی تھی۔ قسام جعفری پیشے سے پائلٹ ہیں اور دونوں کی ایک بیٹی الایا جعفری ہے۔
حال ہی میں صنم جنگ نے انسٹاگرام پر سال نو کے موقع پر اپنی تصویر شیئر کی۔ جس پر لوگوں نے ان کی طلاق کی خبروں پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ صنم جنگ اور ان کے شوہر کے درمیان راہیں جدا ہوچکی ہیں۔ یہاں تک کہ قسام جعفری کسی دوسری خاتون کے ساتھ دوسری شادی بھی کرچکے ہیں۔
تاہم صنم جنگ نے ان تمام افواہوں کا ابھی تک نہ کوئی جواب دیا اور نہ ہی کوئی ردعمل ظاہر کیاہے۔