عارف علوی کی صنعتکاروں کو گیس بحران پر قابو پانے کی یقین دہانی

0
119

کراچی:

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے صنعتکاروں کو گیس بحران پر قابو پانے کی یقین دہانی کرادی۔

ڈاکٹر عارف علوی نے کراچی چیمبر آف کامرس کی جانب سے گیس کے سنگین بحران پر متعلقہ وزرا سے گیس کی قلت کی وجوہات سے آگاہی، بحران سے نمٹنے کیلیے وضع کردہ حکمت عملی کے بارے میں استفسار کے بعد اپ ڈیٹ کرنے کی یقین دہانی کرادی۔

صدر مملکت نے یہ یقین دہانی ہفتے کوگورنر ہاؤس سندھ میں منعقدہ ایک اجلاس میں کروائی جس میں کے سی سی آئی کے صدر شارق وہرہ نے صدر مملکت کو آگاہ کیا کہ کراچی میں گیس کا جاری بحران ایک انتہائی سنگین مسئلہ بن گیا ہے جس کی تحقیقات کی ضرورت ہے کیونکہ ایک ایسے وقت میں جب برآمدات میں بہتری آرہی ہے ایسے میں نظام میں کہیں نہ کہیں موجود عناصر کی اچانک مداخلت اور غیر ضروری اقدامات سے گیس کی قلت پیدا ہوگئی جس کے نتیجے میں بہت ساری فیکٹریاں بند ہوگئیں۔

انھوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ اگر گیس بحران اسی طرح جاری رہا تو نہ صرف برآمد کنندگان کو وقت پر اپنی شمپنٹس کی ترسیل میں مشکل ہوگی بلکہ عام صنعتیں بھی مقامی مارکیٹوں میں سامان کی فراہمی یقینی نہیں بناسکیں گی۔

شارق وہرہ نے سوسائٹی کے معذور افراد کی بہتری کے لیے صدر عارف علوی کی کوششوں کو سراہا اور اس ضمن میں مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

دریں اثنا صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ افراد باہم معذوری کو معاشرے کا حصہ بنانے اور مارکیٹ میں ملازمت کے قابل بنانے کے لیے ضروری تکنیکی مہارت اور استعداد کار بڑھانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ صدر نے یہ باتیں سندھ بزنس چیمبر کے ممبران کے ساتھ ایک اجلاس کی بات چیت کرتے ہوئے کہیں۔ انھوں نے کہا کہ گیس کی فراہمی کے مسئلے کو حل کرنے تک ایل این جی مکس بھی استعمال کیا جانا چاہیے۔

صدر کو بتایا گیا کہ کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (کاٹی) ہنر فاؤنڈیشن کے ساتھ خصوصی افراد کے لیے خصوصی ٹیکنیکل کورسز ڈیزائن کرنے کے لیے تعاون کر رہی ہے تاکہ انھیں ملازمت کے قابل بنایا جاسکے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here