تنہا پاکستان؟؟؟؟

0
169
ماجد جرال
ماجد جرال

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی پریس کانفرنس دیکھ کے تو ان سے زیادہ میرا منہ لٹک گیا، خلاصہ یہی تھا کہ افغانستان میں ناکامی کا ملبہ پاکستان پر ڈالا جا رہا ہے، مگر اصرار یہ تھا کہ پاکستان کی خارجہ پالیسی آج بھی کامیاب ہے، گزشتہ چند ہفتوں سے جو کچھ پاکستان کے ساتھ ہو رہا ہے کیا کسی سے ڈھکا چھپا ہے۔
امریکی صدر جو بائیڈن نے وزیراعظم عمران خان کو فون کیا یا نہ کیا، اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا تھا، مگر اس پر واویلا کرکے اور اپنی نادان زبانوں کو نہ سنبھال کر حکومتی مشینری نے بیعزتی کو خود اپنے گھر دعوت دی۔
افغانستان کی صورتحال پر سکیورٹی کونسل میں پاکستان کو کو مدعو نہ کرنا شاید اتنا بڑی بات نہ ہوتی مگر اسلامی دنیا کے پہلے ایٹمی ملک اور دنیا کے کامیاب ترین سیاستدان وزیراعظم عمران خان کی زیر قیادت کی جانے والی درخواست ردی کی ٹوکری میں جانے کے بعد جھکے ہوئے سر مزید جھک گئے۔
حالانکہ سکیورٹی کونسل میں پاکستان کا درینہ دوست، ہمالیہ سے بلند، شہد سے میٹھا، آم سے مزے دار، پلاؤ سے لذیذ چین کی خاموشی نے بھی واضح پیغام دیا کہ وہ آپ کریلے سے بھی کڑوا ہوچکا ہے۔افغان مفاہمتی عمل سے لے کر ہارٹ آف ایشیا کانفرنس تک شاید ہی دنیا میں افغانستان کے موضوع پر ہونے والی کوئی ایسی تقریب گزری ہو جس میں پاکستان کا وجود ناگزیر نہ رہا ہو۔آج صورتحال یوں محسوس ہوتی ہے کہ افغانستان سے امریکہ کے نکل جانے کے بعد پاکستان عالمی دنیا کے لیے سفارتی طالبان کی حیثیت اختیار کر چکا ہے، جس کے قریب کوئی لگنے کو تیار نہیں۔ماضی میں پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑے ہونے والے سعودی عرب،انڈونیشیا، ترکی سمیت مجال ہے کسی مسلم ملک نے بھی لحاظ دکھایا ہو اور اپنی وزارت خارجہ کے ذریعے افغانستان کے معاملے پر پاکستان کو الگ تھلگ کرنے کی ان سازشوں کی مذمت کی ہو مگر کوئی بات نہیں آپ خواب خرگوش کے مزے لیجئے، آپ کی پرموشن کرنے کے لئے کروڑوں روپے کے فنڈز سے سوشل میڈیا پر تنخواہ دار عملہ خوب محنت سے آپ کو عالمی دنیا کا بے پناہ عظیم لیڈر منوا چکا ہے۔حکومت کی زبان اگر شاطر وزیرو مشیر ہیں تو بھولنا نہیں چاہیے ریاست کی زبان تاریخ ہوتی ہے۔ ریاست اگر خاموشی سے حکومت کے چال چلن دیکھ رہی ہوتی ہے تو تاریخ کے لہجیمیں ان کرتوتوں کو آشکار بھی کر کے رہتی ہے۔
پاکستان کے سابق ڈی جی آئی ایس آئی حمید گل کا ویڈیو کلپ آپ نے دیکھا ہوگا جس میں وہ مثال دیتے ہیں کہ پاکستان نے امریکہ کی مدد سے افغانستان میں روس کو شکست دی، پھر تاریخ لکھے گئی کہ پاکستان نے امریکہ کو امریکہ کی مدد سے افغانستان میں شکست دی مگر پاکستان کے موجودہ حالات دیکھ کر مجھے یہ خوف آنے لگا ہے کہیں تاریخ اس پیرا گراف کو آگے بڑھاتے ہوئے اختتام اس بات پر نہ کرے کہ امریکہ نے پاکستان کو پاکستان میں پاکستان کی مدد سے شکست دی اور اس کے بعد شاید تاریخ موجودہ حکومتی ٹولے کو لانے والوں کو یوں بے نقاب کرتے ہوئے یہ بھی بتائے کہ امریکہ نے پاکستان کو پاکستان میں پاکستان کی مدد سے کس طرح شکست دی۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here