دبئی(پاکستان نیوز) متحدہ عرب امارات نے ترقی کی نئی بلندیوں کو چھوتے ہوئے ایک اور عالمی اعزاز اپنے نام کر لیا ۔ گلوبل انٹرپینورشپ مونیٹر کی حالیہ رپورٹ کے مطابق، یو اے ای کو مسلسل چوتھے سال دنیا کا بہترین کاروباری ملک قرار دیا گیا ہے۔ یہ اعزاز دنیا بھر کے ممالک میں کاروباری ماحول کے تجزیے پر مبنی ہے، جس میں انٹرپینورشپ مونیٹر کے 13 اہم انٹرپینوریل فریم ورک نکات کا جائزہ لیا گیا۔ ان میں سے 11 نکات پر متحدہ عرب امارات نے دیگر ترقی یافتہ ممالک کو بھی پیچھے چھوڑ دیا۔یو اے ای نے فنڈز تک رسائی، سازگار حکومتی پالیسیوں، اور جدید کاروباری مواقع جیسے شعبوں میں نمایاں کامیابی حاصل کی ہے۔ دبئی، جو ملک کا مرکزی بزنس حب ہے، اس عالمی کامیابی میں ایک مضبوط ستون کے طور پر ابھرا ہے۔ دبئی کا تیزی سے ترقی کرتا ہوا ٹیک اسٹارٹ اپ ایکو سسٹم دنیا بھر کی توجہ کا مرکز بن چکا ہے، جسے ماہرین ایک معجزہ قرار دیتے ہیں۔ایک ماہر کے مطابق، جس طرح یو اے ای نے دبئی کو سب کے لیے کاروباری مواقع فراہم کرنے والا مرکز بنایا ہے اور جدت کی حوصلہ افزائی کی ہے، وہ قابلِ ستائش ہے۔دبئی کا مربوط ایکو سسٹم اسٹارٹ اپس اور اسمال میڈیم انٹرپرائزز کو مضبوط بنیاد فراہم کر رہا ہے۔ ان کمپنیوں کو انکیوبیٹرز، حکومتی فنڈز، اور اسٹریٹیجک رہنمائی فراہم کی جا رہی ہے، جو انہیں عالمی سطح پر مقابلے کے قابل بناتی ہے۔یو اے ای کی وزیر برائے انٹرپینورشپ عالیہ بنت عبداللہ المزروعی اس تمام پیشرفت میں ایک نمایاں کردار ادا کر رہی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ہم نے ایک وسیع، مستقبل پر نگاہ رکھنے والا انٹرپینوریل ایکو سسٹم قائم کیا ہے۔