سری نگر:
مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی گاڑی بارودی سرنگ دھماکے میں تباہ ہوگئی جس کے نتیجے میں 2 اہلکار ہلاک اور 19 زخمی ہوگئے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مقبوضہ کشمیر کے ضلع پلوامہ میں بھارتی فوج کے دستے 44 راشٹریا رائفل کی وین آری ہال کے علاقے سے گزر رہی تھی کہ اچانک زور دار دھماکا ہوگیا جس کے نتیجے میں گاڑی کا اگلا حصہ مکمل طور پر تباہ ہوگیا۔
آئی ای ڈی بلاسٹ میں بھارتی فوج کے 21 اہلکار زخمی ہوئے جنہیں سری نگر میں بھارتی فوج کے 92 بیس اسپتال منتقل کیا گیا جہاں دو سپاہیوں نے دوران علاج دم توڑ دیا۔ ہلاک ہونے والوں کی شناخت امر جیت کمار اور بادل سنگھ کے نام سے ہوئی ہے۔
اسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ 19 زخمیوں میں سے 8 کی حالت نازک ہونے کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خطرہ ہے، بھارتی فوج نے جائے وقوعہ کا گھیراؤ کر کے سرچ آپریشن کا آغاز کردیا ہے، تاحال کسی گروپ نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز ضلع اننت ناگ میں نامعلوم مسلح افراد کے حملے میں بھارتی فوج کے میجر کیتن شرما ہلاک ہوگئے تھے جب کہ میجر راہول اور 2 اہلکار شدید زخمی ہوئے تھے جن میں سے ایک اہلکار نے آج اسپتال میں دم توڑ دیا۔