نیویارک (پاکستان نیوز) پاکستانی امریکن ڈایا سپورا تنظیم کے زیر اہتمام پاکستان میں فوری اور شفاف انتخابات کے لیے مئی کے آخری ہفتے میں”یو این او مارچ” کا اعلان کر دیا گیا، اس بات کا اعلان ”پاکستانی امریکن ڈایا سپورا ”کے احمد خان ،”عمران خان ڈویلپمنٹاکیڈیمک ریسرچ ” (IKDAR) کے چیف ایگزیکٹو دبیر ترمذی اور کینیڈین نژادسرگرم پاکستانی میاں ابو بکر کی جانب سے نیویارک میں مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران کیا گیا ۔ دبیر ترمذی کا کہنا تھا کہ ”پاکستانی امریکن ڈایا سپورا ” سابق وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے اسلام آباد لانگ مارچ کے اعلان کے بعد مئی کے آخری ہفتے میں نیویارک میں ”یو این او مارچ” کی کال دے گی ۔ انہوں نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستانی امریکن عوام (PAKISTANI AMERICAN DIASPORA) اس لانگ مارچ کے آخر میں دس نکاتی قرارداد پیش کریں گے اور اس کی یادداشت اقوام متحدہ اور تمام امریکہ کے بڑے اداروں میں جمع کروائیں گے۔پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جناب احمد خان IKDAR کے رکن مشاورتی کونسل نے پرزور لہجے میں بات کرتے ہوئے پوچھا کہ 74سال سے ہمیں دیکھتے پڑھتے اور سنتے آرہے ہیں کہ پاکستان نازک موڑ پر کھڑا ہے لیکن اس دفعہ اگر پاکستان جلد از جلد منصفانہ اور غیر جانبدارانہ انتخابات نہ کروائے گئے تو پاکستان طوائف الملوکی کے دھانے پر کھڑا ہے اور خدا نخواستہ واقعتاً کسی نازک صورتحال سے دوچار نہ ہوئے۔پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے میاں ابوبکر جو کینیڈا کی محترم سماجی و سیاسی شخصیت ہیں اور خاص اس پریس کانفرنس کے لئے تشریف لائے انہوں نے کہا کہ عمران خان انسانیت سے شدید محبت کرنے والا شخص ہے اور وہ کبھی بھی کسی قوم، کسی ملک، کسی قبیلے، گروہ یا انسان کا مخالف نہیں ہو سکتا وہ نہ تو اینٹی امریکہ ہے اور نہ ہی اینٹی یورپ یا برطانیہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کے ساتھ ساتھ وہ پاکستانی فوج کا محب ہے نہ کہ دشمن۔IKDAR کے ٹرسٹی اور چیف ایگزیکٹو دبیر ترمذی نے پریس کانفرنس میں پاکستانی امریکن ڈایا سپورا اور IKDAR کے بینر تلے PAKISTAN ENDOWMENT FUND کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ چیف پیٹرن ڈاکٹر عمران خان کا یہ ماننا ہے کہ پاکستان حقیقی آزادی تب تک حاصل نہیں کر سکتا جب تک کہ وہ عالمی مالیتی اداروں اور ملکوں کے قرض سے نجات حاصل کرکے معاشی آزادی حاصل نہیں کر سکتا۔ اس مقصد کے تحت اس فنڈ کا قیام عمل میں لایا گیا ہے اس فنڈ میں پاکستانی نارتھ امریکن، یورپ، مڈل ایسٹ ، برطانیہ اور دنیا بھر کے اوورسیز پاکستانی اس قرض کو اتاریں گے۔پاکستان فنڈ صرف عمران خان اکائونٹ سے عمران خان کو منتقل ہوں گے۔ اس سارے کام کو صاف ، شفاف، یقینی بنانے کے لئے سسٹم آف چیک اینڈ بیلنس بنا لیا گیا ہے اور یہ فنڈ صرف عمران خان ہی استعمال کر سکیں گے۔ دبیر ترمذی نے مزید کہا کہ IKDAR.ORG ویب سائٹ پر ایک پٹیشن ڈال دی گئی ہے اور یہ پٹیشن اووسیز پاکستانیوں سے پرزور اپیل کرے گی کہ اگر اووسیز کے ووٹ ڈالنے کے حقوق پر ڈاکہ ڈالا گیا تو تمام پاکستانی بیرون ملک سے اندرون ملک آنے والی رقوم کو روک کر اپنا بائیکاٹ رجسٹرڈ کروائیں گے اور اپنے ووٹنگ حقوق واپس ملنے تک بائیکاٹ جاری رکھیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تفصیلات جلد عوام کے سامنے میڈیا کے توسط سے سامنے آ جائیں گی۔