لاہور(پاکستان نیوز) رواں برس مارچ سے نومبر تک عمران خان کی مقبولیت میں28فیصداضافہ ہوا ہے جبکہ نوازشریف کی مقبولیت میں6فیصد کمی آئی ہے،65فیصد عوام نے قومی اسمبلی میں تحریک انصاف کو دو تہائی اکثریت ملنے کی پیشگوئی کی ہے۔ آئی آر آئی ایس پاکستان کے تازہ سروے کے مطابق59فیصد عوام نے عمران خان کو اپنا نجات دہندہ قرار دیا ہے اور 70فیصد نے فوری عام انتخابات کا مطالبہ کیا ہے۔ سروے کے نتائج کے مطابق مارچ سے نومبر کے دوران نوازشریف کو ملک کے مسائل کا حل سمجھنے والے افراد میں بتدریج6فیصد کمی ہوئی ہے۔ سروے کے شرکاء سے چار سوال پوچھے گئے،پہلا سوال تھا کہ ملک کوبحران سے نکالنے کی صلاحیت کس میں ہے؟59فیصد نے عمران خان اور 19فیصد نے نوازشریف کا نام لیا جبکہ چار فیصد نے شہباز شریف اور ایک فیصد نے آصف علی زرداری کانام لیا۔ 7فیصد نے کہا کہ کسی میں بھی نہیں اور 9فیصد نے کچھ دوسرے رہنمائوں کے نام لئے۔ نتائج سے معلوم ہوا کہ اس عرصے کے دوران عمران خان کے سوا باقی تمام سیاسی رہنمائوں کی مقبولیت میں واضح کمی آئی ہے۔اس سوال پر کہ عام انتخابات کب ہوں گے،47فیصد نے جواب دیا کہ موجودہ حکومت کی مدت پوری ہونے پر الیکشن ہوں گے اور45فیصد کو یقین ہے کہ الیکشن فوری ہوں گے جبکہ 8فیصد افراد نے مختلف آرا کا اظہار کیا۔ شرکاء سے پوچھا گیا کہ آپ کے خیال میں عام انتخابات کب ہونے چاہیئں؟ جس پر70فیصد نے کہا کہ فوری طور پر ہونے چاہئیں، 28فیصد نے کہا کہ موجودہ حکومت کی مدت وری ہونے پرجبکہ 2فیصد نے مختلف آرا کا اظہار کیا۔ اس سوال پر کہ کیا آئندہ انتخابات میں پی ٹی آئی قومی اسمبلی میں دو تہائی اکثریت حاصل کرے گی؟65فیصد نے کہا پی ٹی آئی دو تہائی اکثریت حاصل کرے گی اور35فیصد کا کہنا تھا کہ وہ ایسا کرنے کے قابل نہیں ہو گی۔