ہمارے انڈین پاکستانی کلچر میں پہلی شادی ماں باپ کی مرضی سے دوسری پسند سے اور تیسری عموما ان پچھلی دو شادیوں کی تلخ یادیں بھلانے کے لیے کی جاتی ہے لیکن چند سالوں بعد تیسری کو بھی پہلی دونوں کے کھاتے میں ڈالنے کو پر تول رہے ہوتے ہیں ،جی تیسری شادی کے چرچے ہیں ،ہمارے پی ٹی آئی نیو جرسی کے سیاسی دوست نے ایک کومینٹ میں ریحام خان کی تیسری شادی پر کہا کہ ان کی شادی کو اتنی اہمیت نہ دی جائے تاکہ وہ گم نامی کی اتہا گہرائیوں میں غرق ہو جائے ،بھائی خوبصورتی کی اپنی تعریف، اپنی مقبولیت ہوتی ہے ،اوپر سے نخرہ الگ، مچھلی پانی کے بغیر رہ سکتی ہے، عورت تعریف کے بغیر نہیں اور اوپر سے میڈیا کی عورت جو فلمی دنیا سے بھی وابستہ ہو، سریلی ہو، خوبصورت ہو اور اب تو سونے پر سہاگہ کہ بیاہی بھی سوشل میڈیا کے بندے سے گئی ہے جو عمر میں اسکے بچے کے برابر ہے۔ ریحام بیگ جب اپنی کتاب لکھ رہی تھیں تو انکے تیسرے شوہر نامدار انکی کتاب کے پی ڈی ایف ورژن سے مستفید ہوتے ہوئے پہلے تجربے کے لیے پر تول رہے تھے ،خیر اتنے نا تجربہ کار وہ بھی نہیں ،سنا ہے انکا بھی تیسرا تجربہ ہے، میرے حساب سے ابھی دونوں ہی بچے ہیں کہ غلطی پر ایک اور غلطی تو صرف بچے ہی کرتے ہیں۔ بات میڈیا کی ہو رہی تھی خبری دنیا میں خبر وہی ہوتی ہے جو انہونی یا ہٹ کے ہو، شادی سنت ہے اور اسکا احترام کیا جانا چاہئے مگر یہ شادی اس لحاز سے میڈیا کے لیے چٹ پٹے مصالحے کا باعث بھی ہے ایک تو عمران خان سے جڑی کوئی بھی بات پوری دنیا کے لیے خبر ہوتی ہے، خان صاحب کی سات ماہ کی ادھوری شادی کی سابقہ بیوی کی شادی ہوئی ہے، میڈیا مزے نہ لے یہ ہو نہیں سکتا اوپر سے ٹائمنگ چیک کریں، جب خان کی مبینہ فیک آڈیوز ریلیز کی گئیں ہیں، ریحام خان نے تیسری شادی سے پہلے کہا تھا کہ اس دفعہ کسی سچے انسان سے شادی کروں گی ،مزاحیہ بلاگر جو مبالغہ آرائی میں ید طولیٰ رکھتا ہو ،سبحان اللہ! انسان تجربے سے ہی سیکھتا ہے ،چلیں ریحام کی نئی کتاب کے لیے ایک شادی اور سہی، دوسری طرف شاید مغلیہ خون میں ہے کہ جو چیز بھی پسند آئی اٹھا لی بھلے وہ ممی ہی کیوں نہ ہو، ویسے قدیم مصر کی ممیوں جتنی پرانی ریحام اتنی بھی پرانی نہیں کہ شادی جیسے پوتر منصب پر پوری نہ اترتی ہو۔ سنڈی کرافورڈ سے کچھ سال ہی چھوٹی ریحام کو اپنی زندگی جینے کا پورا حق حاصل ہے۔ کوئی اعتراض کرے تو کرے درانتی ایک طرف اور دنیا دونوں طرف سے کاٹتی ہے مگر جو چوٹ شادی کے بعد دونوں ملکر خان صاحب کو دینے کی تگ و دو میں مصروف ہیں، نئے شادی شدہ جوڑے کی چھیڑ چھاڑ سے خان کی پاپولیریٹی میں اضافہ تو امر ربی ہے کہ اللہ کے اس بندے سے جڑنے کیساتھ مقبولیت میں اضافہ بھی یقینی ہے اور مرزا بلال بیگ کے بینک اور ٹویٹر اکائونٹ میں جواضافہ ہونے والا ہے وہ اس کے لیے کسی نعمت غیر مترقبہ سے کم نہیں ہوگا، اس شادی سے سلیم صافی، حنیف عباسی اور نبیل گبول جیسوں کیساتھ بہت سوں کی امیدوں کے چراغ بھی گل ہوئے پر سوچیں کہ کتنی لکی ہیں یہ خاتون کہ خان پر تو پیار کی برسات ہوئی مگر شہباز شریف تو یہ سعادت حاصل کیے بغیر ہی وزیر اعظم کے تختے پر جا چڑھے کہ محترمہ لندن سے ان دو بندوں کے نام کا ہما لے کر چلی تھیں جو کہ ان کو پاکستان کی فرسٹ لیڈی بنانے کی پوزیشن میں تھے۔
٭٭٭