نیویارک(پاکستان نیوز) سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ہمارا خوبصورت امریکہ اب زوال کا شکار ہے، بنیاد پرست بائیں بازو کے غنڈوں اور بغاوت پسندوں نے امریکہ پر قبضہ کر لیا ہے اور وہ اسے تیزی سے تباہ کررہے ہیں۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں خصوصاً ایف بی آئی اور ڈی او جے کو ہمارے خلاف ہتھیار کے طور پر استعمال کیا جا رہا ہے۔ ایجنسیاں ایک مرتبہ پھر ہمارے انتخابات کو چوری کرنے کی سازش کررہی ہیں۔ بدقسمتی سے ہم تیسری دنیا کا ملک بن کر رہ گئے ہیں لیکن میں عوام سے وعدہ کرتا ہوں کہ واپس آکر امریکہ کو دوبارہ عظیم ملک بنائیں گے۔ ایک نئے سروے رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ عوام کی بڑی اکثریت اس بات کی حامی ہے کہ اگر سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو عدالت سزا بھی دیتی ہے تو وہ پرائمری اور جنرل الیکشن میں اسی کو ووٹ دیں گے جو ٹرمپ کا حامی ہو۔ ٹرمپ کو ایک سازش کے تحت 2024 کے صدارتی انتخابات سے باہر رکھنے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔ کانگریس کی رکن ماری جوری ٹیلر گرین کا کہنا ہے کہ ٹرمپ مین ہیٹن کی عدالت میں پیش ہوں گے لہٰذا ٹرمپ کے حامی بھی نیویارک پہنچیں تاکہ واضح پیغام دیا جا سکے کہ ٹرمپ کو سیاسی دھارے سے نکالنے کی کوششیں ناکام بنا دی جائیں گی۔ٹرمپ کو مبینہ طور پر تقریباً30الزامات کا سامنا ہے، جن میں ایک سنگین جرم بھی شامل ہے۔