اسلام آباد (پاکستان نیوز)بھارت کی جانب سے پاکستان کیخلاف بلااشتعال جارحیت کا سلسلہ دوسرے روز بھی جاری رہا، بھارت کی جانب سے صبح سویرے ڈرونز کے ذریعے پاکستانی شہروں کو نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی ،بھارت نے رات بھر بڑے شہروں میں مکمل بلیک آئوٹ رکھاجبکہ بڑے ائیر پورٹس کو بند رکھا گیا، وزیر دفاع خواجہ آصف نے تصدیق کی کہ بھارت نے دوسرے روز بھی جارحیت کی کوشش کی ہے جس کا جواب دیا جائے گا، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے تصدیق کی کہ پاکستان اور بھارت کے نیشنل سیکیورٹی ایڈوائزر کے درمیان رابطہ ہوا ہے جس میں سیکیورٹی صورتحال پر غور کیا گیا ہے ، قومی اسمبلی اجلاس کے دوران بھارت کی پاکستان کیخلاف بلا اشتعال جارحیت پر متفقہ طور پر قرار داد منظور کر لی گئی ہے جبکہ پاکستانی وزیر اعظم شہباز شریف نے پاک فوج کو کسی بھی جارحیت کا جواب دینے کے لیے فری ہینڈ دے دیا ہے ، جارحیت کے پہلے روز بھارتی فوج نے رات کی تاریکی میں بزدلانہ حملہ کرتے ہوئے پاکستان کے چھ شہروں میں 24مقامات پر میزائل حملے کیے جس کے نتیجے میں 8پاکستانی شہری شہید جبکہ 35 سے زائد زخمی ہوگئے ہیں جبکہ پاکستان نے منہ توڑ جواب دیتے ہوئے دشمن کے رافیل سمیت 5طیارے مار گرائے ہیں جبکہ ایک بریگیڈ ہیڈ کوارٹر کو بھی تباہ کر دیا ،پاکستانی وزیر اعظم شہباز شریف ، صدر مملکت آصف زرداری سمیت تمام حکومتی و سیاسی قیادت نے پاک فوج کے شانہ بشانہ دشمن کے عزائم خاک میں ملانے کے عزم کا اظہار کیا ہے، دونوں ممالک کی جانب سے ایک دوسرے پر حملوں سے خطے میں کشیدگی کی صورتحال ہے ، امریکہ کی جانب سے بھارتی حملوں کی شدید مذمت کی گئی ہے ،صدر ٹرمپ نے کہا کہ بھارت کا حملہ شرمناک حرکت ہے جبکہ وزیر خارجہ مارکو روبیو نے دونوں ممالک کو بات چیت کے دروازے کھلے رکھنے کی اپیل کی ، کانگریس مین بریڈ شرمین نے کہا کہ بھارت پہلگام حملے کو پاکستان سے جوڑنے میں ناکام رہا ہے اور اس حوالے سے کوئی شواہد پیش نہیں کر سکا ، امید کرتے ہیں کہ پاکستان مزید جوابی حملے نہیں کرے گا، ترجمان پاک فوج نے بتایا کہ بھارت نے احمد پور شرقیہ میں مسجد سبحان کو نشانہ بنایا، اس حملے میں 3 سال کی بچی سمیت 5 افراد شہید اور 31 زخمی ہوئے۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے بتایا کہ مظفرآباد میں شاہی والی محلہ میں مسجد بلال کو نشانہ بنایا گیا جس میں مسجد شہید ہوئی اور بچی زخمی ہوئی جبکہ کوٹلی میں مسجد عباس کو نشانہ بنایا گیا۔ترجمان پاک فوج نے بتایا کہ مرید کے میں مسجد ام القرٰی کو نشانہ بنایا گیا جس میں ایک شہری شہید اور ایک زخمی ہوگیا جبکہ سیالکوٹ اور شکر گڑھ میں بھی دو، دو حملے کیے گئے۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کا کہنا تھا کہ کچھ دیر قبل بزدل دشمن بھارت نے بہاولپور کے علاقے احمد شرقیہ، کوٹلی اور مظفر آباد میں سبحان اللہ مسجد پر فضا سے تین مقامات پر فضائی حملے کیے۔ اس گھناؤنی اشتعال انگیزی کا جواب ضرور دیا جائے گا۔اس بزدلانہ حملے سے بھارت نے جو عارضی خوشی حاصل کی ہے وہ دائمی غم میں بدل جائے گی۔انہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے کوٹلی، بہاولپور کے احمد پور شرقیہ، باغ، مظفر آباد اور مریدکے کو نشانہ بنایا گیا۔ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ احمد پور شرقیہ میں ایک بچے کی شہادت اور 12 افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے، انہوں نے مزید کہا کہ کوٹلی میں 2 شہری شہید ہوئے۔انہوں نے کہا کہ احمد پور شرقیہ میں ایک مسجد پر حملہ کیا گیا تھا، میزائل اس کے قریب ایک گھر پر گرا ہے، جہاں والدین اور ایک بچہ پھنسے ہوئے ہیں جنہیں ریسکیو کیا جا رہا ہے۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پاکستان کے خلاف بھارت کے تصدیق شدہ حملے کو ‘شرمناک’ قرار دے دیا، ٹرمپ نے کہا کہ انہیں یہ خبر منگل کی شام اوول آفس کی تقریب سے پہلے ملی۔انہوں نے کہا کہ یہ شرم کی بات ہے، ابھی ہم اوول کے دروازوں سے گزر ہی رہے تھے کہ اس کے بارے میں سنا۔امریکی وزیرخارجہ مارکو روبیو نے بھارتی جارحیت کے بعد پاکستان اور بھارت کے قومی سلامتی کے مشیروں سے رابطہ کرکے کشیدگی کے خاتمے کے لیے بات چیت کے دروازے کھلے رکھنے پر زور دیا ہے۔ مارکو روبیو نے دونوں ملکوں کے عہدیداروں سے رابطے کرکے کہا کہ کشیدگی کے خاتمے کے لیے بات چیت کے دروازے بند نہ کیے جائیں، انہوں نے امید ظاہر کی کہ پاک بھارت جنگ جلد ختم ہوجائے گی۔اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے بھارت کی جانب سے پاکستان پر حالیہ میزائل حملوں پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔ انتونیو گوتریس کے ترجمان نے کہا کہ سیکرٹری جنرل کو لائن آف کنٹرول اور بین الاقوامی سرحد پر بھارتی فوجی کارروائیوں پر گہری تشویش ہے۔











