نیویارک (پاکستان نیوز)نیویارک سٹی کے میئر زہران ممدانی نے شہر میں رہائش کے شدید بحران سے نمٹنے کے لیے ایک نئے اور جامع منصوبے کا اعلان کیا ہے جس کے تحت چار لاکھ سستے رہائشی یونٹس فراہم کیے جائیں گے۔ اس بڑے منصوبے کا مقصد کرایہ داروں کے حقوق کا تحفظ اور سرکاری ہاؤسنگ اسکیموں میں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کرنا ہے۔ اس اقدام کے تحت اگلے 10 سالوں میں 200000 نئے اور مستحکم کرایے کے گھر تعمیر کیے جائیں گے جبکہ مزید 200000 موجودہ گھروں کو محفوظ اور بہتر بنایا جائے گا۔ میئر زہران ممدانی نے بروکلین میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جب نیویارک کے عوام سستی رہائش کے قابل ہوں گے تو وہ اپنے خوابوں کو پورا کر سکیں گے۔ انہوں نے موجودہ صورتحال کو شہر کا سب سے بڑا بحران قرار دیتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 60 برسوں کے دوران حکومتی پالیسیوں کی وجہ سے یہ سنگین صورتحال پیدا ہوئی۔ اب ایک اچھی حکومت ان مسائل کا حل پیش کر رہی ہے۔ اس منصوبے کو عملی جامہ پہنانے کے لیے اگلے 5 برسوں میں 22 ارب ڈالر کی خطیر رقم سرمایہ کاری کی جائے گی جس سے بے گھر افراد کے لیے مکانات کی تعداد میں تقریباً 45 فیصد اضافہ ہوگا اور تعمیراتی شعبے میں ملازمتوں کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔ اس کے علاوہ نیویارک سٹی ہاؤسنگ اتھارٹی کے تحت سرکاری گھروں کی حالت زار بدلنے کے لیے 5.6 ارب ڈالر مختص کیے گئے ہیں تاکہ رہائشیوں کی مشاورت سے ان کی بڑے پیمانے پر مرمت کی جا سکے۔ ممدانی نے واضح کیا کہ یہ تمام گھر مکمل طور پر سرکاری ملکیت اور انتظام میں رہیں گے تاکہ غریب اور محنت کش عوام کو تحفظ مل سکے۔











