محبت اور ہم آہنگی کا جشن کینیڈا ڈے!!!

0
3

یکم جولائی کو کینیڈا میں یہ دن پورے قومی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جاتا ہے۔ یہ دن محض ایک سرکاری یادگار نہیں بلکہ ایک ایسی قوم کی تشکیل، اس کے سفر، اور اس کے اجتماعی شعور کی علامت ہے جس نے وقت کے ساتھ ساتھ اپنی شناخت کو اتحاد، رواداری اور کثیرالثقافتی ہم آہنگی کے رنگوں سے مزین کیا ہے۔ اٹھارہ سو سڑسٹھ میں مختلف صوبوں کے ایک آئینی وفاق کی صورت میں یکجا ہونے کا واقعہ آج بھی کینیڈا کی تاریخ میں سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔ یہی وہ لمحہ تھا جس نے جدید کینیڈا کی بنیاد رکھی اور ایک ایسے معاشرے کی تشکیل کی راہ ہموار کی جس کی پہچان انصاف، نظم اور باہمی احترام بن گئی۔ کینیڈا کی سب سے بڑی خوبی اس کا کثیرالثقافتی مزاج ہے، اس سرزمین نے دنیا بھر سے آنے والے لوگوں کو نہ صرف خوش آمدید کہا بلکہ انہیں عزت، مواقع اور ترقی کا راستہ بھی دکھایا ہے۔ یہاں مختلف زبانیں بولی جاتی ہیں اور مختلف تہذیبیں سانس لیتی ہیں، یہ وہ معاشرہ ہے جہاں تنوع کو کمزوری نہیں بلکہ طاقت سمجھا جاتا ہے۔ ایسے ماحول میں پاکستانی کمیونٹی کا کردار بھی نہایت نمایاں ہے، پاکستانی نڑاد افراد نے کینیڈا میں محنت، دیانت، تعلیم، کاروبار اور خدمت کے ہر میدان میں اپنی ایک الگ شناخت قائم کی ہے۔ ڈاکٹرز، انجینئرز، اساتذہ، تاجر، طلبہ اور محنت کش سب اس معاشرے کی ترقی میں حصہ ڈال رہے ہیں اور ان کی موجودگی اس حقیقت کی دلیل ہے کہ جب کسی معاشرے میں انصاف، آزادی اور مواقع میسر ہوں تو انسان اپنی صلاحیتوں کے ذریعے اس کا روشن حصہ بن جاتا ہے۔ پاکستانی کمیونٹی نے نہ صرف کینیڈا کی معیشت اور سماج کو مضبوط کیا ہے بلکہ اپنی تہذیبی پہچان بھی برقرار رکھی ہے۔ کینیڈا ڈے کے موقع پر پاکستانی خاندان بھی قومی تقریبات میں بھرپور شریک ہوتے ہیں، پرچم کشائی، ثقافتی پروگرام، آتش بازی اور عوامی میل جول کے مناظر میں پاکستانی چہرے بھی مسکراتے دکھائی دیتے ہیں۔ یہ منظر اس بات کی خوبصورت مثال ہے کہ نئی زمین سے وابستگی اور اپنی جڑوں سے محبت ایک ساتھ نبھائی جا سکتی ہے اور یہی امتزاج دراصل تارکین وطن کی اصل قوت ہے۔ میرے لیے کینیڈا محض ایک ملک نہیں بلکہ رشتوں، یادوں اور محبتوں کی ایک پوری دنیا ہے، کیونکہ میری زیادہ تر فیملی، بہن بھائی اور والدہ بھی وہیں آباد ہیں، اس لیے ہر سفر صرف ایک منزل تک پہنچنے کا نام نہیں ہوتا بلکہ ایک جذباتی تجربہ بھی بن جاتا ہے۔ ہمارا کینیڈا کے لیے سفر اکثر بائی روڈ اپنی گاڑی میں ہوتا ہے اور سڑکوں پر پھیلا ہوا یہ طویل سفر اپنے اندر ایک الگ کشش رکھتا ہے۔ راستے کے مناظر، بدلتی ہوئی فضا، اور بارڈر کے مراحل اس سفر کو محض نقل و حرکت نہیں رہنے دیتے بلکہ یادوں کا حصہ بنا دیتے ہیں۔ کینیڈا رقبے کے لحاظ سے دنیا کا دوسرا بڑا ملک ہے جو شمالی امریکہ میں واقع ہے، اس کی سرحدیں جنوب میں امریکہ سے ملتی ہیں جبکہ شمال کی طرف یہ آرکٹک خطے تک پھیلا ہوا ہے جہاں برفانی علاقے اور وسیع قدرتی مناظر اس کی پہچان ہیں۔ یہ ملک اپنی بے شمار جھیلوں، لمبی ساحلی پٹی اور قدرتی وسائل کی وجہ سے عالمی اہمیت رکھتا ہے جبکہ اس کا مضبوط نظام حکومت، امن پسند معاشرہ اور معاشی استحکام اسے دنیا کے ترقی یافتہ ممالک میں نمایاں مقام دیتے ہیں۔ کینیڈا پہنچ کر نیاگرا فالز جانا میرے لیے ایک روایت سی بن گئی ہے، یہ قدرت کا وہ شاہکار ہے جسے بار بار دیکھنے کے باوجود دل سیر نہیں ہوتا۔ آبشار سے گرتے ہوئے پانی کی مسلسل آواز، فضا میں بکھرتی بوندیں اور روشنیوں کا جادو ایک ایسا منظر تخلیق کرتا ہے جو انسان کو لمحہ بھر کے لیے دنیا کی بھیڑ سے نکال کر فطرت کی عظمت کے سامنے لا کھڑا کرتا ہے۔ کینیڈا ڈے کے دن جب پورا ملک جشن میں ڈوبا ہوتا ہے تو یہ احساس اور گہرا ہو جاتا ہے کہ یہ سرزمین صرف ایک ملک نہیں بلکہ خوابوں، رنگوں، محنتوں اور امیدوں کا مجموعہ ہے۔ کینیڈا میں بسنے والے تمام باشندوں اور پاکستانی فیملیز کو کینیڈا ڈے کی دل سے مبارکباد۔

 

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here