برطانیہ اور یورپی یونین کے درمیان بریگزٹ کے بعد تعلقات کی بحالی کی جانب ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔بیس نومبردو ہزار چھبیس کو برسلز میں ہونے والی سربراہی کانفرنس میں دونوں فریقوں نے متعدد اہم معاہدوں پر اتفاق کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ ماضی کی سیاسی تلخیوں اور اختلافات کو پیچھے چھوڑ کر ایک نئے عملی اور معاشی تعاون کی بنیاد رکھی جائے گی۔ اس پیش رفت کو یورپ کی بدلتی ہوئی سیاسی اور معاشی صورتحال میں غیر معمولی اہمیت حاصل ہے۔
برطانوی وزیر اعظم اینڈی برنہم، یورپی کونسل کے صدر انتونیو کوسٹا اور یورپی کمیشن کی صدر ارسلا وان ڈیر لیین کے درمیان ہونیوالی ملاقات میں تجارت، توانائی، ماحولیاتی تحفظ، نوجوانوں کی نقل و حرکت، دفاع اور علاقائی سلامتی سمیت متعدد معاملات زیر بحث آئے۔ اجلاس کے اختتام پر جاری ہونیوالے مشترکہ اعلامیے میں دونوں جانب سے اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ برطانیہ اور یورپی یونین محض جغرافیائی ہمسائے نہیں بلکہ مشترکہ سیاسی، معاشی اور سکیورٹی مفادات رکھنے والے اہم شراکت دار ہیں۔
معاہدوں کا سب سے نمایاں پہلو تجارت میں حائل رکاوٹوں کو کم کرنا ہے۔ بریگزٹ کے بعد برطانوی مصنوعات کو یورپی منڈیوں تک پہنچانے کے لیے اضافی سرٹیفکیٹس، کاغذی کارروائی اور سرحدی معائنے کی پابندیوں نے کاروباری طبقے کے لیے مشکلات پیدا کر دی تھیں۔ نئے معاہدے کے تحت خوراک، گوشت، دودھ، مچھلی، زرعی اور نباتاتی مصنوعات کی تجارت کو آسان بنایا جائے گا۔ اس مقصد کے لیے صحت اور غذائی تحفظ کا نظام قائم کرنے پر اتفاق ہوا ہے، جس کے تحت یکم مارچ دوہزار اٹھائیس سے پہلے بارڈر پر اضافی دستاویزات کی ضرورت ختم ہو جائے گی، برطانوی حکومت کے اندازوں کے مطابق یہ اقدامات دوہزار چالیس تک ملکی معیشت میں سالانہ تقریباً پانچ ارب پاؤنڈ تک کا اضافہ کر سکتے ہیں
ایک اور اہم فیصلہ نوجوانوں کے لیے مواقع پیدا کرنے سے متعلق ہے، یوتھ ایکسپیرینس اسکیم کے تحت برطانیہ اور یورپی یونین ایک دوسرے کے ایک لاکھ نوجوانوں کو ہر سال تین سال تک رہائش، تعلیم، ملازمت، رضاکارانہ سرگرمیوں اور سیاحت کے مواقع فراہم کریں گے۔ اس اسکیم میں اٹھارہ سے اکتیس سال تک کے نوجوان شامل ہو سکیں گے۔ اس سے نئی نسل کو ایک دوسرے کے معاشروں، ثقافتوں اور تعلیمی نظاموں کو سمجھنے کا موقع ملے گا۔ تاہم اس اسکیم کے تحت سرکاری فلاحی مراعات حاصل کرنے یا اپنے زیر کفالت افراد کو ساتھ لانے کی اجازت نہیں ہوگی۔ اس پروگرام کے دوہزار تیس تک عملی طور پر لاگو ہونے کا ہدف رکھا گیا ہے۔
معاشی تعاون کے حوالے سے کاربن مارکیٹ کے نظام کو آپس میں منسلک کرنے کا فیصلہ بھی خاص اہمیت رکھتا ہے۔ اس اقدام سے برطانوی اسٹیل، ایلومینیم اور دیگر صنعتی مصنوعات کو یورپی منڈیوں میں درپیش بعض اضافی ماحولیاتی اخراجات سے ریلیف ملنے کی توقع ہے۔ دونوں فریقوں نے توانائی، صنعتی پیداوار اور مستقبل کی ٹیکنالوجی کے شعبوں میں بھی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔ ڈیجیٹل معیشت، مصنوعی ذہانت اور سائبر سکیورٹی کے لیے ایک نیا پروگرام شروع کرنے کا ارادہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔
دفاع اور علاقائی سلامتی کا معاملہ بھی اس سربراہی اجلاس کا اہم حصہ رہا۔ یوکرین جنگ، روس کی بڑھتی ہوئی سرگرمیوں، سائبر حملوں اور خطے کو درپیش نئے خطرات کے تناظر میں برطانیہ اور یورپی یونین نے دفاعی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ روس کے مبینہ اقدامات، سمندری سلامتی، فوجی نقل و حرکت اور خفیہ معلومات کے تبادلے پر بھی توجہ دی جائے گی۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ دونوں فریق دفاع کو ایک مشترکہ ذمہ داری کے طور پر دیکھ رہے ہیں۔
غیر قانونی امیگریشن اور انگلش چینل کے ذریعے تارکین وطن کی آمد روکنے کے لیے بھی مشترکہ حکمت عملی پر اتفاق کیا گیا ہے۔ انسانی اسمگلنگ کے نیٹ ورکس کے خلاف کارروائی، سرحدی نگرانی اور متعلقہ ممالک کے ساتھ تعاون کو اس حکمت عملی کا حصہ بنایا جائے گا۔
تاہم ان معاہدوں کو برطانیہ کی یورپی یونین میں واپسی قرار دینا درست نہیں ہوگا۔ لندن بدستور یورپی یونین کی سنگل مارکیٹ اور کسٹمز یونین سے باہر رہنے کی پالیسی پر قائم ہے۔ اس کے باوجود یورپ کے ساتھ بڑھتی ہوئی ہم آہنگی برطانوی سیاست میں نئی بحث کو جنم دے سکتی ہے۔ بعض بریگزٹ حامی حلقے اسے ملکی خودمختاری کے لیے ممکنہ چیلنج قرار دے رہے ہیں۔
حقیقت یہ ہے کہ دوہزار سولہ کے ریفرنڈم کے بعد برطانیہ اور یورپ کے تعلقات میں پیدا ہونے والی دوری نے دونوں معیشتوں اور کاروباری حلقوں کو کئی مشکلات سے دوچار کیا۔ اب عالمی معیشت میں غیر یقینی صورتحال، روس یوکرین جنگ اور امریکہ کی بدلتی ہوئی پالیسیوں نے دونوں فریقوں کو ایک دوسرے کی اہمیت کا دوبارہ احساس دلایا ہے۔
برسلز کانفرنس کے فیصلے اس حقیقت کا اظہار ہیں کہ عالمی سیاست میں مستقل دوست یا دشمن سے زیادہ اہمیت مشترکہ مفادات کی ہوتی ہے۔ برطانیہ نے یورپی یونین سے علیحدگی تو اختیار کر لی، لیکن جغرافیہ، تجارت، تاریخ اور سلامتی کے تقاضے اسے یورپ سے مکمل طور پر الگ نہیں کر سکتے۔ آنے والے برسوں میں یہ معاہدے کس حد تک عملی نتائج دیتے ہیں، اس کا انحصار ان پر عمل درآمد اور دونوں فریقوں کے سیاسی عزم پر ہوگا۔














