پاکستان اور بھارت کے مایوس نوجوان !!!

0
12
جاوید رانا

حال ہی میں سوشل میڈیا پر بھارت کے ایک ہونہار طالب علم روہت ویمولا کی دردناک کہانی دوبارہ زیر بحث آئی ہے۔ جنوری 2016 میں حیدرآباد یونیورسٹی کے اس 26 سالہ نوجوان نے ذات پات کے نظام، تعلیمی اداروں کی بے حسی اور سیاسی دباؤ سے تنگ آ کر اپنی زندگی کا خاتمہ کر لیا تھا۔ روہت سائنس پر لکھنا چاہتا تھا اور ایک روشن مستقبل کا خواب دیکھ رہا تھا، لیکن سماجی تفریق اور طاقتور طبقات کے رویے نے اس کے خوابوں کو کچل دیا۔ اس نے اپنے آخری خط میں لکھا تھا کہ اس کی پیدائش ہی اس کا سب سے بڑا حادثہ ہے۔ آج جب ہم اس واقعے کو دیکھتے ہیں تو ہمیں یہ صرف بھارت کا مسئلہ نہیں لگتا، بلکہ اس کی بازگشت ہمیں آج کے پاکستان کی گلیوں، یونیورسٹیوں اور بے روزگار نوجوانوں کے چہروں پر بھی صاف دکھائی دیتی ہے۔
پاکستان اس وقت اپنی تاریخ کے ایک انتہائی نازک اور مایوس کن دور سے گزر رہا ہے۔ ملک کے لاکھوں نوجوان ہاتھوں میں اعلیٰ تعلیم کی ڈگریاں لیے در در کی ٹھوکریں کھا رہے ہیں۔ نہ ملک میں نئی صنعتیں لگ رہی ہیں اور نہ ہی پرانے کارخانے چل رہے ہیں۔ روزگار کا کوئی تحفظ نہیں ہے اور نوجوان نسل کو اپنا مستقبل تاریک نظر آ رہا ہے۔ جب ایک غریب یا متوسط طبقے کا نوجوان سالوں کی محنت اور والدین کی جمع پونجی خرچ کر کے ڈگری حاصل کرتا ہے، تو اسے معلوم ہوتا ہے کہ اس ملک میں قابلیت کی کوئی قدر نہیں ہے۔ بدقسمتی سے ملکی معیشت کو سنبھالنے اور نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے کے بجائے ہماری حکومت اور مقتدر حلقے محض سیاسی جوڑ توڑ، مخالفین کو دبانے، گورنر راج نافذ کرنے اور ملک بھر میں ہنگامی حالات پیدا کرنے جیسے سیاسی تماشوں میں الجھے ہوئے ہیں۔ عوامی فلاح و بہبود ان کی ترجیحات میں کہیں نظر نہیں آتی۔
اگر ہم گہرائی سے جائزہ لیں تو پاکستان کا سماجی ڈھانچہ بھی کسی نہ کسی شکل میں ذات پات اور برادری ازم کے اسی زہر کا شکار ہے جس نے روہت ویمولا کی جان لی تھی۔ ہمارے ہاں انتخابات میں امیدواروں کا انتخاب ان کی اہلیت، دیانتداری، علم یا علاقے کی ترقی کے لیے ان کی خدمات کی بنیاد پر نہیں ہوتا، بلکہ ووٹ زبان، برادری، قبیلے اور ذات کی بنیاد پر دئیے جاتے ہیں۔ دیہی اور شہری علاقوں میں بڑے بڑے جاگیردار اور وڈیرے محض اپنے اثر و رسوخ، دولت اور طاقت کے بل بوتے پر اسمبلیوں میں پہنچ جاتے ہیں۔ دوسری طرف کچھ خاندان دہائیوں سے مذہبی یا روایتی جدی بشتی سیاسی وابستگیوں کا سہارا لے کر اقتدار کے ایوانوں پر قابض ہیں۔ یہ نام نہاد رہنما نسل در نسل حکمرانی تو کر رہے ہیں، لیکن اپنے حلقے کے غریب عوام کی حالت بدلنے، سکول بنانے، ہسپتال قائم کرنے یا نوجوانوں کو روزگار دینے کے لیے کچھ نہیں کرتے۔
اوورسیز پاکستانی ہر سال اربوں ڈالر زرمبادلہ کی صورت میں بھیجتے ہیں تاکہ پاکستان کا معاشی پہیہ چلتا رہے۔ امریکہ میں مقیم پاکستانی جب یہاں کے نظام کو دیکھتے ہیں جہاں قانون کی بالادستی ہے، قابلیت کی قدر ہے اور رنگ، نسل یا خاندانی پس منظر سے بالاتر ہو کر آگے بڑھنے کے مواقع ملتے ہیں، تو وہ سوال کرتے ہیں کہ پاکستان میں ایسا کیوں نہیں ہو سکتا؟ بحیثیت مسلمان ہمارے لیے یہ بات مزید شرمندگی کا باعث ہے کہ جس دین نے مساوات، انصاف اور میرٹ کا درس دیا تھا، آج اسی کے نام پر بننے والے ملک میں جاگیرداری، طبقاتی تقسیم اور ناانصافی کا راج ہے۔
روہت ویمولا کی موت بھارتی سماج کے ماتھے پر ایک کلنک تھی، لیکن پاکستان میں ہر روز سینکڑوں نوجوان اپنی خواہشات، اپنے خوابوں اور اپنی صلاحیتوں کا گلا گھونٹنے پر مجبور ہیں۔ جب ریاست اپنے تعلیم یافتہ طبقے کو مایوسی کے اندھیروں میں دھکیل دیتی ہے تو اس کے نتائج انتہائی خطرناک نکلتے ہیں۔ آج پاکستان کا ہر قابل نوجوان ملک چھوڑ کر بیرون ملک جانے کی کوشش کر رہا ہے کیونکہ اسے اپنے ہی گھر میں عزت اور روزگار میسر نہیں ہے۔ سیاسی جماعتوں اور مقتدر قوتوں کو یہ سمجھنا ہوگا کہ انتقامی سیاست، آئینی بحرانوں اور طاقت کے استعمال سے ملک نہیں چلتے۔
وقت کا تقاضا ہے کہ پاکستان میں ذات و برادری ازم اور جاگیردارانہ نظام کے اس فرسودہ ڈھانچے کو بدلا جائے۔ جب تک عام آدمی کا بیٹا اپنی قابلیت کی بنیاد پر آگے نہیں بڑھے گا اور جب تک حکمران طبقہ ذاتی مفادات سے نکل کر صنعتوں کے قیام اور نوجوانوں کے مستقبل پر توجہ نہیں دے گا، تب تک حالات نہیں بدل سکتے۔ امریکہ میں مقیم پاکستانی برادری بھی یہی چاہتی ہے کہ وطن عزیز میں استحکام آئے، قانون کی حکمرانی ہو اور کسی بھی نوجوان کو سماجی ناانصافی یا معاشی بدحالی کی وجہ سے مایوس نہ ہونا پڑے۔ اگر آج ہوش کے ناخن نہ لیے گئے تو تاریخ ہمیں کبھی معاف نہیں کرے گی۔

 

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here