سبق آموز۔۔!!!

0
12
سید کاظم رضوی
سید کاظم رضوی

محترم قارئین کرام، آپ کی خدمت میں سید کاظم رضا نقوی کا سلام پہنچے۔ اگر انسان کی لگن سچی ہو اور وہ جستجو کرے تو کامیاب ضرور ہوتا ہے۔ ایک کچرا چننے والے نے کس طرح اپنا خواب سچ کر دکھایا، آئیے پڑھتے ہیں۔
یہ کہانی ہے کراچی کے اس کچرا چننے والے نوجوان کی، جس نے اپنے مستقبل کی قربانی دے کر اپنی بہن کو لیڈی ڈاکٹر بنا ڈالا۔ لیاری کے 9 سالہ شاہد کا قد اتنا چھوٹا تھا کہ کچرے کے ڈرم میں جھانکنے کے لیے بھی اسے اینٹ پر کھڑا ہونا پڑتا تھا۔ اس کے والد نشے کی لت کے باعث فوت ہو چکے تھے، جبکہ والدہ لوگوں کے گھروں میں برتن مانجھتی تھیں۔ گھر میں صرف ایک ہی خواب تھا کہ 17 سالہ بڑی بہن سدرہ ڈاکٹر بنے۔ سدرہ نے بارہویں جماعت میں نمایاں پوزیشن حاصل کی تھی اور وہ ذہانت میں بے مثال تھی، مگر اس کے پاس فیس کے پیسے نہیں تھے۔ روزانہ صبح 5 بجے شاہد بوری اٹھا کر نکلتا اور کچرا کنڈیوں، گلیوں اور دکانوں سے پلاسٹک، لوہا اور کاغذ چنتا۔ شام کو یہ سامان کباڑی کو بیچ کر اسے 80 سے 100 روپے ملتے تھے۔
جب سدرہ کا میڈیکل کالج میں داخلہ ہو گیا تو معلوم ہوا کہ سالانہ فیس 2 لاکھ روپے ہے۔ یہ سن کر والدہ رو پڑیں اور کہنے لگیں کہ بیٹی، مجھے معاف کر دینا، ہم غریب ہیں۔ شاہد نے والدہ کی گود میں سر رکھا اور تسلی دی کہ امی، آپ نہ روئیں، باجی ڈاکٹر بنے گی، میں ہوں نا۔ اگلے ہی دن سے شاہد نے دو شفٹوں میں کام شروع کر دیا۔ وہ صبح 4 سے 8 بجے تک کچرا چنتا، پھر اسکول جاتا اور اس کے بعد شام 4 سے رات 10 بجے تک دوبارہ کچرا چنتا۔ رات کو اسٹریٹ لائٹ کے نیچے بیٹھ کر وہ خود بھی پڑھتا تھا۔ یہ دیکھ کر سدرہ روتی اور کہتی کہ بھائی، تم پڑھو، میں کام کر لوں گی۔ شاہد ہنستے ہوئے جواب دیتا کہ باجی، دو دماغ خراب کرنے سے بہتر ہے کہ ایک ڈاکٹر پکا بن جائے، آپ بس پڑھیں۔
ایک سردیوں کی رات شاہد کو 104 بخار تھا، مگر وہ پھر بھی بوری اٹھا کر نکل پڑا۔ کباڑی نے اسے روکتے ہوئے کہا کہ تم مر جاؤ گے۔ شاہد نے جواب دیا کہ چاچا، جب میری باجی کے ہاتھ میں اسٹیٹھوسکوپ ہوگا، تب ہی میرا بخار اترے گا۔ محلے والے اسے طعنے دیتے تھے کہ ایک کچرا چننے والا بہن کو ڈاکٹر بنائے گا، اس لیے خواب دیکھنا چھوڑ دو۔ شاہد ان طعنوں کا کوئی جواب نہ دیتا، بس ہر شام سدرہ کی فیس کے پیسے گنتا اور اللہ کا شکر ادا کرتا۔
یوں 8 سال گزر گئے اور شاہد اب 17 سال کا ہو چکا تھا۔ اس نے خود میٹرک میں پوزیشن حاصل کی، مگر کالج نہ گیا کیونکہ اس کا کہنا تھا کہ باجی کا فائنل ایئر ہے۔ بالآخر نتیجہ آیا اور سدرہ نے ایم بی بی ایس نمایاں نمبروں کے ساتھ پاس کر لیا۔ اس کامیابی سے پورے کراچی میں اس کا نام ہو گیا اور اخبار میں خبر شائع ہوئی کہ کچرا چننے والے کی بہن ڈاکٹر بن گئی۔ سول اسپتال میں اسے پہلی نوکری ملی جس کی تنخواہ 85 ہزار روپے تھی۔ سدرہ نے وہ لفافہ شاہد کے ہاتھ پر رکھا اور پھوٹ پھوٹ کر رونے لگی۔ اس نے کہا کہ یہ تمہاری محنت کی کمائی ہے بھائی، میرے ہاتھ میں جو اسٹیٹھوسکوپ ہے، اس کی ڈوری تمہاری بوری سے بندھی ہوئی ہے۔
آج ڈاکٹر سدرہ لیاری میں شاہد کلینک چلا رہی ہیں، جہاں غریبوں کا مفت علاج کیا جاتا ہے۔ اور شاہد نے بھی کچرا چننا نہیں چھوڑا، مگر اب اس کی اپنی کباڑ کی دکان ہے جہاں 20 بچے کام کرتے ہیں، تاہم اس کی ایک شرط ہے کہ وہ دن میں 2 گھنٹے دکان پر پڑھیں گے اور ان کی فیس وہ خود ادا کرے گا۔ دکان کی دیوار پر ایک فریم لگا ہے، جس کے ایک طرف سدرہ کی ڈگری اور دوسری طرف شاہد کی پھٹی ہوئی بوری موجود ہے، اور نیچے لکھا ہے کہ کچرے سے کامیابی تک کا سفر، محبت ہو تو منزل مل ہی جاتی ہے۔ شاہد کا کہنا ہے کہ لوگ کہتے ہیں میں نے بہن کو ڈاکٹر بنایا، مگر سچ یہ ہے کہ باجی کے خواب نے مجھے انسان بنا دیا۔
قارئین کرام، دوسری کہانی ایک قتل کے کیس سے متعلق ہے جو کافی دلچسپ ہے اور آپ کو پسند آئے گی کہ کیسے بعض اوقات جذبات اور حالات انسان کو انتہائی قدم اٹھانے پر مجبور کر دیتے ہیں۔
یہ 2009 کے ایک مشہور کیس کی اصل کہانی اور تفتیش کا احوال ہے، جو نوجوان پولیس افسران کے لیے ایک مثال ہے۔ ریٹائرڈ ڈی ایس پی چوہدری ریاض احمد پڈھیار اس وقت سرگودہا کے تھانہ عطا شہید میں ایس ایچ او تعینات تھے۔ انہیں علاقے میں ایک خوفناک واردات کی اطلاع ملی، جہاں ایک سنار کے گھر میں خونریزی ہوئی تھی اور کلہاڑیوں کے وار کر کے سنار، اس کی بیوی، جوان سال بیٹی اور ایک کم عمر بچے کو قتل کر دیا گیا تھا۔ ابتدائی معلومات کے مطابق مقتول سنار کے دو بیٹے گھر پر موجود نہیں تھے؛ ایک پہاڑی پر ٹریکٹر چلاتا تھا جبکہ دوسرا کسی اسکول میں استاد تھا۔
پولیس نے موقع سے شواہد اکٹھے کیے اور دیکھا کہ کمرے میں خون کا تالاب بنا ہوا تھا۔ تلاشی کے دوران ایس ایچ او ریاض پڈھیار کو پیٹیوں اور ٹرنکوں کے درمیان ایک مردانہ سفید شلوار قمیض ملی، جس پر خون کے نشانات تھے۔ ان میں سے ایک واضح نشان بٹنوں والی جگہ پر تھا جو دیگر نشانات کے مقابلے میں بڑا تھا۔ پوچھ گچھ پر معلوم ہوا کہ یہ کپڑے اس نوجوان کے ہیں جو پہاڑی پر مزدوری کرتا ہے، اور اسے واقعے کی اطلاع کر دی گئی ہے جس کے بعد وہ بھی پہنچ رہا ہے۔
جب مذکورہ نوجوان موقع پر پہنچا تو اس نے شدید صدمے کا اظہار کیا اور رونے پیٹنے لگا، مگر ایس ایچ او کی نظر اس کے کپڑوں پر مرکوز تھی۔ انہیں محسوس ہوا کہ اگر نوجوان کا اس واردات میں کوئی ہاتھ ہے تو اس کی بنیان پر بھی اسی مقام پر خون کا دھبہ ہونا چاہیے جو اس کی قمیض پر ملا تھا۔ ایس ایچ او نے موقع ملتے ہی نوجوان کی قمیض کے بٹن کھولے اور دیکھا کہ بنیان پر ٹھیک اسی جگہ خون کا بڑا دھبہ موجود تھا جہاں قمیض پر داغ تھا۔ یہ سراغ ملتے ہی ریاض پڈھیار جذبات میں آ گئے اور انہوں نے نوجوان کو زوردار تھپڑ مارا، تاہم موقع پر موجود ایس پی نے فوری طور پر ریاض پڈھیار کو تھپڑ رسید کیا اور انہیں واردات کی جگہ سے باہر جانے کا حکم دیا۔ ایس پی کی اس سختی کی وجہ یہ تھی کہ نوجوان کے والدین، بہن اور بھائی قتل ہو چکے تھے اور ایس ایچ او عوامی و خاندانی جذبات کے برعکس اس پر ہاتھ اٹھا رہے تھے۔
ریاض پڈھیار باہر آ گئے اور چونکہ وہ اس ایس پی کو اپنا استاد مانتے تھے، اس لیے انہوں نے اس سرزنش کا برا نہ مانا، تاہم انہیں پورا یقین تھا کہ اس نوجوان کا واردات میں کردار ضرور ہے۔ بعد ازاں ایس ایچ او نے اپنے افسر کو شک کی وجہ بتائی تو ایس پی نے کہا کہ یہاں پورے علاقے سے ہزاروں لوگ جمع ہیں اور لوگ صدمے یا اشتعال میں ہیں، لہٰذا مشکوک نوجوان کو کہیں اور لے جا کر تفتیش کریں تاکہ اطمینان ہو سکے، کیونکہ اگر وہ قاتل ہے تو اسے سزا ملنی چاہیے چاہے وہ مقتول خاندان کا ہی بیٹا کیوں نہ ہو۔
اس کے بعد ایس ایچ او ریاض احمد پڈھیار نوجوان کو اپنی پرائیویٹ گاڑی میں مقامی چیئرمین یا نمبردار کے ڈیرے پر لے گئے۔ وہاں جب ملزم سے پوچھ گچھ کی گئی تو وہ بنیان اور کپڑوں پر لگے خون کے دھبوں کا کوئی تسلی بخش جواب یا جواز پیش نہ کر سکا اور الٹا معصوم اور مظلوم ہونے کا تاثر دینے لگا۔ چنانچہ تفتیش کا دوسرا طریقہ اپنایا گیا اور پنجاب پولیس کے تجربہ کار اہلکاروں نے جب ملزم سے سختی سے پوچھ گچھ کی تو اس نے پورا واقعہ بیان کر دیا۔
ملزم کے مطابق اس کے والد سنار کا کام کرتے تھے اور ان کے ایک شاگرد کے اس کی بہن کے ساتھ کئی سال سے تعلقات تھے۔ ملزم کو اس نوجوان پر شک تھا اور اس نے بارہا والدین سے کہا کہ اسے گھر نہ آنے دیا کریں، لیکن والدین ہمیشہ بیٹی اور اس نوجوان کی طرفداری کرتے ہوئے کہتے کہ وہ ان کے بیٹوں جیسا ہے اور وہ اسے منع نہیں کر سکتے۔ واردات والے روز رات بھر مزدوری کرنے کے بعد جب ملزم گھر پہنچا تو دروازہ اندر سے بند تھا۔ پہلے سے موجود شک کی بنا پر ملزم دیوار پھلانگ کر اندر گیا اور دبے قدموں ایک کمرے کا دروازہ کھولا، تو دیکھا کہ اس کے والدین اور چھوٹا بھائی بستر پر سوئے ہوئے ہیں جبکہ اس کی بہن اسی کمرے میں ایک چارپائی پر اپنے والد کے شاگرد کے ساتھ نامناسب حالت میں موجود ہے۔ ملزم کو دیکھتے ہی بہن کا ساتھی فرار ہو گیا۔ اس پر ملزم نے گھر میں پڑی کلہاڑی اٹھائی اور کمرے میں جا کر بہن پر وار کیا، جس سے وہ موقع پر ہی دم توڑ گئی۔ اس کے بعد ملزم نے والدین اور بھائی کو بھی سر اور گردن پر وار کر کے قتل کر دیا اور خود کپڑے بدل کر دوبارہ اپنی مزدوری کی جگہ پر چلا گیا۔
ملزم کے بقول اس نے یہ اقدام غیرت کے نام پر اٹھایا کیونکہ وہ اس صورت حال کو برداشت نہ کر سکا۔ پولیس نے ملزم کو گرفتار کر لیا اور اکسانے و جرم میں معاونت کے الزام میں لڑکی کے ساتھی کو بھی حراست میں لے لیا۔ ایس ایچ او عطا شہید ریاض احمد پڈھیار کی نگرانی میں پولیس نے اس مقدمے کا مضبوط چالان مرتب کیا، جس پر عدالت نے دونوں ملزمان کو سزائے موت سنا دی جو جیل میں اپنی سزا بھگت رہے ہیں۔
دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ ہر شریف النفس انسان کو ایسے کڑے امتحان سے محفوظ رکھے، آمین۔

 

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here