فیضان محدّث اعظم پاکستان رضی اللہ عنہ
محترم قارئین! حضرت امیر المئومنین، امام المتقین، خلیفہ المسلمین، خلیفہ اوّل بلافصل، افضل البشر بعدالانبیائ، حضرت ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ کا وصال باکمال جہادی الثانی کی بائیس تاریخ٣١ھ کو مدینہ منورہ شریف میں ہوا۔ اسی وجہ سے اس ماہ مقدس میں خصوصاً آپ کی خدمات دینیہ کو خراج عقیدت وتحسین پیش کیا جاتا ہے۔ جان صداقت، روح عدالت، شان سخاوت، ناز شجاعت، صدیق وفاروق، عثمان وحیدر! اللہُ اکبر اللہ اکبر ہمارے آقا ومولیٰ حضرت سّیدالمرسلین، خاتم النبّینۖ کو ربّ العٰلمین جلَّ جلالُہ نے ایسا بینظیر اور بے مثال بنا کر اس خاک دان عالم میں بھیجا۔ کہ جن جن چیزوں کو حضور اقدسۖ کی ذات والاصفات سے تعلق ہوگیا وہ تمام چیزیں بھی بے مثال وبے مثال ہوگئیں۔ اس دنیا میں بہت سی امتیں ہوئیں۔ بڑی بڑی طاقت وقوت والی، شان وشوکت والی، اطاعت و عبادت والی امتیں ایک دوسرے سے بڑھ کر وجود میں آتی رہیں۔ مگر وہ امت جس کو حضورت محبوب کبریا، خیرالانبیاء علیھم الصّلوٰة والسّلام سے تعلق حاصل ہوا خداوند قدوس نے اس امت کو ایسی بے مثال شان عطا فرمائی کہ قرآن مجید نے اس کی افضلیت کا خطبہ پڑھتے ہوئے ارشاد فرمایا ترجمہ:”اے خیرالانبیاء کی امت! تم تمام امتوں میں خیرالاقم اور بہترین امت ہو” مسلمانو کون نہیں جانتا کہ یہ امت اگلی اُمتوں سے طاقت وشوکت، عمر کی طوالت اور اطاعت وعبادت میں بہت ہی کم ہے۔ مگر چونکہ اس امت کو خیرالانبیاء علیھم الصّلوٰة والسّلام سے تعلق ہے اس لئے یہ امت خیرالامم یعنی تمام امتوں میں سب سے افضل اور بہتر ہے اور نبی بے مثالۖ سے اس کو نسبت حاصل ہے۔ اس لئے یہ امت بھی تمام امتوں میں بینظیر اور بے مثال ہے۔اسی طرح زمانے کو دیکھ لو تو زمانہ ازل سے ابد تک بہت لمبا چوڑا ہے۔ اور ایک زمانہ دوسرے زمانے سے بہتر ہوتا رہا ہے۔ مگر وہ زمانہ جس کو خیرالانبیاء علیھم الصّلوة والسّلام سے تعلق اور نسبت ہے وہ ”خَیراُلقرُوُنِ قرَانی” کے معزز وممتاز لقب سے سرفرازہوگیا اور ازل سے ابد تک اس زمانہ سے بہتر نہ کوئی زمانہ ہوا ہے اور نہ قیامت تک ہوسکتا ہے اسی طرح زمانے کی بے شمار عورتیں بڑی بڑی صالحات اور نیک بیبیاں ہوئی ہیں مگر وہ مقدس اور خوش نصیب بیباں جو حضورت خیر الانبیاء علیھم الصّلوٰة والسّلام کے شرف زوجیت سے سرفراز ہوئیں قرآن مجید نے انہیں سارے جہان کی عورتوں سے بہترین اور بے مثال فرمایا ہے ارشاد ربانی ہے ترجمہ: اے نبی کی بیویو! تم سارے جہان کی عورتوں سے ممتاز اور بے مثال ہو بشرطیکہ تم تقویٰ شعاری اور پرہیز گاری کی زندگی پر قائم رہو” یہ تو ایمان ہے کہ امت محمد یہ اعلیٰ صاحبھا الصّلوٰة والسّلام خیرالاقم یعنی تمام امتوں میں بہترین امت ہے اور اس بہترین امت میں سے بہترین اورافضل واعلیٰ صحابہ کرام رضوان اللہ علیھم اجمین ہیں۔ صحابہ کرام علیھم الرضوان یہ وہ مقدس نفوس طیبہ ہیں۔ کہ یہ رحمت عالمۖ کی نصرت حمایت میں فرش زمین پر چلتے پھرتے تھے مگر عرش بریں سے ان کے نام خلاق عالم کا سلام آیا کرتا تھا۔ صحابہ کرام آسمان تقدس کے وہ آفتاب وماہتاب ہیں کہ جب یہ خانہ کعبہ کے سامنے خداوند قدوس کے سجدوں کے لئے اپنی پیشانیاں زمین پر رکھتے تھے تو بیت اللہ بھی تمنائیں کرتا تھا کہ کاش میرے پائوں ہوتے تو میں چل کر ان خیر الساجدین کی پیشانیاں چوم لیتا تو شاید میرا سجدہ بھی بارگاہ خداوندی میں مقبولیت کی بلند ترین منزل پر پہنچ جاتا فرشتے ان کی سجدہ گاہوں کو اپنی بوسہ گاہ بنانے کے لئے بے قرار اور آسمانوں کے ستارے ان امت کے تاروں کے نظاروں کے لئے نگاہ شوق سے فرش زمین کے طالب دیدار رہتے تھے۔
یہ وہ خوش نصیب مسلمان وکامل الایمان ہیں جنہوں نے اپنی ایمانی نگاہوں سے رحمتہ للعالمینۖ کے جلال وجمال نبوت کو دیکھا۔صحبت اٹھائی خدمات کا شرف حاصل کیا۔ اور رحمت عالمۖ کے چشم وابرو کے پر اشارے پر اپنی متاع مال وجان قربان کر دینے کو معراج ایمان سمجھا یہی وہ ”خیرالمئومنین” ہیں جن کیلئے رب العٰلمین نے فرمایا ہے: ترجمہ:” صحابہ وہ مئومنین کا ملین ہیں جنہوں نے شہنشاہ رسالت کی نصرت وحمایت اور امداد واعانت میں سب سے پہلے قدم بڑھایا اور ساری امت پر سبقت لے گئے۔ ان میں سے کچھ کا لقب، ”مہاجرین” ہے اور کچھ کا خطاب انصا ہے۔ یہ لوگ اور ان کی بہترین پیروی کرنے والے وہ اللہ والے ہیں کہ اللہ ان سے خوش ہوگیا اور وہ اللہ سے خوش ہوگئے”مزید ارشاد فرمایا: ترجمہ:”وہ صحابہ کرام جنہوں نے ہجرت کی اور وہ اپنے گھروں سے نکالے گئے اور میری راہ میں ستائے گئے اور لڑے اور مارے گئے میں ضرور ضرور ان کے سب گناہ اتار دوں گا۔ اور یقیناً میں انہیں ایسی جنتوں میں داخل کروں گا جن کے نیچے نہریں جاری ہیں۔یہ اللہ کے پاس کا ثواب ہے۔ اور اللہ کے پاس تو بڑے بڑے بہترین ثواب ہیں۔” اسی طرح رسول اللہۖ کے ان مقدس جان نثاروں کو بشارت دیتے ہوئے فرمایا، ترجمہ:” اللہ تعالیٰ نے تمام صحابہ کرام سے بھلائی کا وعدہ فرمالیا ہے۔” غرض صحابہ کرام علیھم الرضوان کی مدح وثنا کی آیات طیبات قرآن مجید کے صفحات میں اس طرح چمک رہی ہیں جس طرح آسمان میں ستارے چمک رہے ہیں۔ تو حضرت ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ تمام صحابہ کرام علیھم الرضوان کے سردار اور قائد ہیں۔ان کی عظمتوں اور شانوں کا اندازہ پھر کیسے لگایا جاسکتا ہے؟ اللہ تعالیٰ آپ رضی اللہ عنہ کے درجات بلند فرمائے(آمین)۔
٭٭٭٭٭












