ہنٹر بائیڈن پر جھوٹے مقدمات؛کروڑ پتی تاجر کو 17 لاکھ ڈالر ہرجانہ ادا کرنیکا حکم

0
7

نیویارک (پاکستان نیوز)کیلی فورنیا کی ایک امریکی عدالت نے ٹرمپ کے کٹر حامی اور اوور سٹاک ڈاٹ کام کے بانی پیٹرک بائرن کو ہنٹر بائیڈن کیخلاف جھوٹے الزامات عائد کرنے پر 17 لاکھ ڈالر ہرجانہ ادا کرنے کا حکم دیا ہے۔امریکی ضلعی جج اسٹیفن ولسن نے اپنے فیصلے میں واضح کیا کہ کاروباری شخصیت پیٹرک بائرن نے بدنیتی کی بنیاد پر موجودہ صدر کے بیٹے ہنٹر بائیڈن پر بہتان تراشی کی۔ بائرن نے سن 2021 میں یہ گمراہ کن دعویٰ کیا تھا کہ ہنٹر بائیڈن نے اسلامی جمہوریہ ایران سے رشوت لینے کی کوشش کی تھی جس پر بائیڈن نے سن 2023 میں ہتک عزت کا مقدمہ دائر کیا۔ جج ولسن نے ریمارکس دیے کہ مدعا علیہ کے رویے سے ان کا تعصب اور بددیانتی کا واضح مقصد ظاہر ہوتا ہے۔ عدالت کے مطابق سب سے زیادہ قابل فہم وضاحت یہی ہے کہ یہ شخص معتبر نہیں ہے اور میڈیا کی توجہ حاصل کرنے کے لیے سنسنی خیز اور من گھڑت کہانیاں تخلیق کرتا ہے۔ بائرن گزشتہ سال اکتوبر میں جیوری کے سامنے پیش ہونے میں بھی ناکام رہے تھے جس کی وجہ سے عدالتی کارروائی میں تاخیر ہوئی۔ عدالتی فیصلے میں بائرن کو ہرجانے کے ساتھ ساتھ مزید 35000 ڈالر کے عدالتی جرمانے بھی ادا کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔ جج نے یاد دلایا کہ بائرن اس سے قبل کینیڈا میں بھی ایک ممتاز شخصیت کی ساکھ کو بین الاقوامی سطح پر نقصان پہنچانے کے جرم میں ذمہ دار قرار دیے جا چکے ہیں مگر انہوں نے اپنی اس منفی روش کو برقرار رکھا۔

 

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here