ٹورانٹو (پاکستان نیوز)کینیڈا کے شہر وینکوور میں بھارت کے پنجابی گلوکار اور ریپر اے پی ڈھلوں کے گھر کے باہر فائرنگ کے واقعہ پیش آیا ہے، بھارتی میڈیا نے ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ اتوار کی رات وکٹوریہ جزیرے کے علاقے میں گلوکار کے گھر کے قریب فائرنگ کی آوازیں سنی گئیں۔بھارتی میڈیا نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ لارنس بشنوئی اور روہت گودارا گینگ نے فائرنگ کی ذمہ داری قبول کی ہے۔قابل ذکر بات یہ ہے کہ یہ حملہ اے پی ڈھلوں کی جانب سے ایک میوزک ویڈیو ”اولڈ منی” ریلیز کرنے کے چند ہفتوں بعد ہوا، جس میں سلمان خان شامل تھے۔سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے دھمکی آمیز پیغام میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ یکم ستمبر کی رات گینگ نے کینیڈا میں دو مقامات پر فائرنگ کا منصوبہ بنایا، ایک وکٹوریہ جزیرے پر اور دوسری ٹورنٹو کے ووڈ برج میں۔گینگ نے بالی ووڈ اداکار سلمان خان کے ساتھ اپنے مبینہ رابطوں کا حوالہ دیتے ہوئے اے پی ڈھلوں کو بھی دھمکی دی ہے اور انہیں خبردار کیا ہے کہ وہ ‘اپنی حدود میں رہیں، ورنہ وہ کتے کی موت مریں گے’۔دریں اثنا، کینیڈا کے قانون نافذ کرنے والے ادارے اس وقت پوسٹ کی صداقت اور فائرنگ سے متعلق حقائق کی چھان بین کر رہے ہیں۔ پولیس کی جانب سے کوئی سرکاری بیان جاری نہیں کیا گیا ہے۔خیال رہے کہ نومبر 2023 میں لارنس بشنوئی نے کینیڈا کے شہر وینکوور میں گلوکار گپی گریوال کی رہائش گاہ پر فائرنگ کے ایک مبینہ واقعے کی ذمہ داری قبول کی تھی۔بعد ازاں اپریل 2024 میں، بشنوئی گینگ سے منسلک دو موٹر سائیکل سوار افراد نے ممبئی کے باندرہ علاقے میں واقع گلیکسی اپارٹمنٹ میں سلمان خان کی رہائش گاہ کے باہر فائرنگ کی اور موقع سے فرار ہو گئے۔نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی (این آئی اے) نے انکشاف کیا ہے کہ سلمان خان ان دس افراد کی فہرست میں سرفہرست ہیں جنہیں جیل میں بند گینگسٹر لارنس بشنوئی ختم کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔گینگسٹر کا مقصد 1998 میں کالے ہرن کے شکار کے واقعے میں سلمان خان کے مبینہ طور پر ملوث ہونے کا بدلہ لینا ہے، بشنوئی کا دعویٰ ہے کہ کالے ہرن اس کی برادری کو شدید ناراضگی ہوئی۔