
نیویارک (پاکستان نیوز)ڈونلڈ ٹرمپ کے خاندان سے وابستہ کرپٹو کمپنی ورلڈ لبرٹی فنانشل میں پاکستان کی جانب سے سرمایہ کاری کی اطلاعات کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال پر پاکستانی حکام اور کمپنی نے اپنے موقف کی وضاحت کر دی ہے۔ ڈیموکریٹک پارٹی کی جانب سے امریکی وسط مدتی انتخابات میں فتح حاصل کرنے کے بعد کانگریس کے تفتیشی اختیارات استعمال کرتے ہوئے ٹرمپ خاندان کے کرپٹو کاروبار اور اس کے غیر ملکی روابط کا جائزہ لینے کے اشارے سامنے آئے ہیں۔ اس تناظر میں پاکستان ورچوئل اثاثہ جات ریگولیٹری اتھارٹی نے بی بی سی کو بتایا ہے کہ پاکستان نے اس کرپٹو کمپنی میں کسی قسم کی کوئی سرمایہ کاری نہیں کی ہے۔ حکام کے مطابق اس کمپنی کے ساتھ پاکستان کا تعلق بنیادی طور پر صرف تکنیکی تعاون اور جدید مالیاتی نظام کے مستقبل سے متعلق مختلف امکانات کا جائزہ لینے تک محدود ہے۔ دوسری جانب ورلڈ لبرٹی فنانشل کے ترجمان ڈیوڈ واکس مین نے تصدیق کی ہے کہ 2025 میں کمپنی سے منسلک ایک ادارے نے حکومتِ پاکستان کے ساتھ ایک معاہدہ کیا تھا جس کا مقصد امریکی ڈالر سے منسلک سٹیبل کوائنز کو مالیاتی نظام کا حصہ بنانے کے امکانات تلاش کرنا تھا۔ یاد رہے کہ مارچ 2025 میں پاکستان نے ایک کرپٹو کونسل قائم کی تھی اور بعد ازاں اپریل 2025 میں اسی کونسل کے ذریعے ورلڈ لبرٹی فنانشل کے ساتھ ایک لیٹر آف انٹینٹ پر باضابطہ دستخط کیے گئے تھے۔ صدر ٹرمپ نے اگرچہ اس کمپنی کے عملی معاملات سے لاتعلقی کا اظہار کیا ہے تاہم ان کے بیٹوں اور امریکی ایلچی کے بچوں کی جانب سے قائم کی گئی اس کمپنی پر عالمی سطح پر سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔









