نئی دہلی (پاکستان نیوز)سابق بنگلہ دیشی وزیرِ اعظم شیخ حسینہ واجد کی جانب سے جلاوطنی ختم کرکے وطن واپسی کے لیے نیا پاسپورٹ اور قومی شناختی کارڈ جاری کرنے کی نئی درخواست دی گئی تھی جسے بنگلہ دیشی حکومت نے یکسر مسترد کر دیا ہے۔ حکومت کی طرف سے واضح کیا گیا ہے کہ ملک سے فرار ہونیوالے اور عدالت سے سزایافتہ افراد کو سفری دستاویزات جاری کرنے کا کوئی جواز نہیں بنتا ہے۔ برطانوی قانونی فرم کے توسط سے دہلی میں قائم بنگلہ دیشی ہائی کمشنر کو یہ درخواست موصول ہوئی تھی لیکن ڈھاکا کی انتظامیہ نے اس عمل کو محض ڈراما قرار دیا ہے۔ بنگلہ دیشی وزارتِ خارجہ کے حکام کا کہنا ہے کہ سابق وزیرِ اعظم کو کسی قسم کا پاسپورٹ دینے کے بجائے دوطرفہ معاہدے کے تحت ان کی واپسی کو یقینی بنایا جائے گا تاکہ وہ عدالت کا سامنا کر سکیں۔ اس سے قبل ایک خصوصی ٹریبونل نے انہیں انسانیت کے خلاف جرائم کے مقدمے میں موت کی سزا سنا رکھی ہے۔ حکومت کا موقف ہے کہ قانون سے بھاگنے والے عناصر کو رعایت دینے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا اور اگر وہ واپس آنا چاہتی ہیں تو انہیں باقاعدہ قانونی راستے سے سرنڈر کرنا ہوگا۔ اس کشمکش کی وجہ سے دونوں ممالک کے درمیان سیاسی اور سفارتی تعلقات میں ایک بار پھر ہلچل پیدا ہو گئی ہے اور سابقہ حکومت کے دور کا خاتمہ ہونے کے بعد سے قانونی پیچیدگیاں مزید بڑھتی جا رہی ہیں۔











