اقوام متحدہ ؛ نئے سفیر سید حیدر شاہ کی اسنادِ سفارت کی پیش کش

0
6

نیویارک (پاکستان نیوز)اقوامِ متحدہ میں پاکستان کے نئے متعین کردہ مستقل مندوب سفیر سید حیدر شاہ نے نیویارک میں تنظیم کے ہیڈکوارٹرز میں منعقدہ تقریب کے دوران سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کو اپنی اسنادِ سفارت پیش کر دیں۔ اس موقع پر انہوں نے پاکستان کی قیادت کی جانب سے نیک تمناؤں کا پیغام پہنچایا اور امن و سلامتی، پائیدار ترقی اور انسانی حقوق کے شعبوں میں پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔ سیکریٹری جنرل نے بھی پاکستان کے فعال اور تعمیری کردار کی تعریف کی۔

سفیر حیدر شاہ فارن سروس کے ایک نہایت تجربہ کار افسر ہیں، جو اس سے قبل نیدرلینڈز اور نیپال میں پاکستان کے سفیر نیز نئی دہلی میں ڈپٹی ہیڈ آف مشن اور قائم مقام ہائی کمشنر کی ذمہ داریاں انجام دے چکے ہیں۔ وہ وزارتِ خارجہ میں ایڈیشنل سیکریٹری اور اقوامِ متحدہ کے شعبوں میں بھی اہم عہدوں پر فائز رہے ہیں۔

انہوں نے اقوامِ متحدہ کی انسدادِ دہشت گردی کمیٹی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹوریٹ میں بطور قانونی افسر بھی خدمات انجام دیں۔ وہ ہارورڈ لا اسکول سے قانون میں ماسٹرز اور خیبر لا کالج سے ایل ایل بی کی ڈگریاں حاصل کر چکے ہیں اور بین الاقوامی قانون پر تحقیقی مقالے بھی تحریر کر چکے ہیں۔ 3 نومبر 2026ئ کو پیش کی گئی ان اسناد سے عالمی سطح پر پاکستان کی سفارتی نمائندگی کا نیا دور شروع ہوا ہے۔

 

 

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here