انقرہ(پاکستان نیوز) ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 78ویں اجلاس میں عالمی رہنماں سے خطاب کے دوران ایک بار پھر پائیدار امن کے لئے مسئلہ کشمیر اٹھا دیا۔ غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اقوام متحدہ کے اعلی سطحی اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے رجب طیب اردوان نے پاکستان اور بھارت پر زور دیا کہ مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے مذاکرات کئے جائیں، اس سے جنوبی ایشیا میں معاشی استحکام آئے گا، امن اور خوشحالی کی راہ ہموار ہو گی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ترکیہ مسئلہ کشمیر کے حل اور وہاں منصفانہ اور دیرپا امن کے قیام کیلئے دونوں ممالک کی جانب سے اٹھائے جانیوالے ہر اقدام کی حمایت کرے گا۔سعودی وزیر خارجہ، او آئی سی کے تحت جموں و کشمیر رابطہ گروپ کا بدھ کو نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 78 ویں سیشن کے موقع پر خصوصی اجلاس ہوا۔ رابطہ گروپ کے اجلاس میں سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے بھی شرکت کی۔ شہزادہ فیصل بن فرحان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب اسلامی تشخص اور اپنے وقار کے تحفظ کے لیے کوشاں مسلم اقوام کے ساتھ کھڑا ہے۔ سعودی عرب شورش زدہ علاقوں میں متاثرہ اقوام کی مدد پر کمر بستہ ہے۔ متاثرہ اقوام میں جموں و کشمیر کے باشندے شامل ہیں۔ سعودی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ جموں و کشمیر کا مسئلہ خطے کے امن و استحکام کو درپیش اہم ترین چیلنجوں میں سے ایک ہے۔ اگر کشمیر کا مسئلہ حل نہ ہوا تو اس کا اثر خطے میں عدم استحکام میں اضافے کا باعث بنے گا۔
انہوں نے پاکستان اور بھارت کی بات چیت کے دوران ثالثی کا کردار ادا کرنے کی بھی حمایت کی۔