فلسطینیوں کوغزہ سے بے دخل نہیں کر رہا : ٹرمپ کی پسپائی

0
20

واشنگٹن(پاکستان نیوز) صدر ٹرمپ نے غزہ کے متعلق اپنے پچھلے موقف سے بظاہر پسپائی اختیار کرتے ہوئے زور دے کر کہا ہے کہ کوئی بھی کسی فلسطینی کو غزہ سے نہیں نکال رہا ہے ۔ عالمی ذرائع ابلاغ کے مطابق وائٹ ہاس میں آئرش وزیراعظم مائیکل مارٹن کے ساتھ ملاقات کے دوران صدر ٹرمپ نے ایک صحافی کے سوال کے جواب میں یہ بیان دیا۔صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ کوئی بھی فلسطینیوں کوغزہ سے بے دخل نہیں کر رہا۔ صدرٹرمپ نے سینیٹ میں اقلیتی قائدچک شومرکو طنزیہ طور پر فلسطینی قرار دیتے ہوئے کہا کہ چک شومر پہلے یہودی تھے لیکن اب وہ مکمل فلسطینی بن چکے ہیں۔اس موقع پر آئرش وزیر اعظم مائیکل مارٹن نے نے کہا کہ ہم یرغمالیوں کی رہائی اور غزہ میں امن کا حصول چاہتے ہیں، انہوں نے غزہ معاہدے کے دوسرے مرحلے کیلئے بات چیت اور بین الاقوامی ثالثی کی کوششوں کی روشنی میں جنگ بندی کے قیام کی ضرورت پر زور دیا۔حماس اور مصر نے صدر ٹرمپ کے بیان کا خیرمقدم کیا ہے ۔ ترجمان حماس حازم قاسم نے امریکی صدر پر زور دیاکہ وہ صیہونی انتہا پسند دائیں بازو کے نظریے سے ہم آہنگ ہونے سے گریز کریں اور خطے میں پائیدار امن کیلئے عملی اقدامات کریں۔مصر نے کہاکہ یہ بیان غزہ میں گھمبیر انسانی صورت حال کو مزید خراب ہونے سے بچانے اور مسئلہ فلسطین کے پائیدار حل کی ضرورت کو تسلیم کرنے کی عکاسی کرتا ہے ۔دریں اثنا حماس اور اسرائیل کے درمیان دوحہ میں مذاکرات جاری ہیں، فریقین امریکہ کی جانب سے جنگ بندی میں مزید دو ماہ کی توسیع اور 10اسرائیلی یرغمالیوں کی رہائی کے نکات پر بات چیت کر رہے ہیں۔علاوہ ازیں تنظیم فرینڈز آف فلسطین کے مطابق اسرائیلی جیلوں میں فلسطینی قیدیوں پر منظم تشدد اور غیر انسانی سلوک کیا جا رہا ہے جس کے باعث حالیہ دنوں میں چار فلسطینی قیدی شہید ہوچکے ہیں۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here