ایران /امریکہ مذاکرات ڈیڈ لاک کا شکار

0
10

نیویارک (پاکستان نیوز) امریکہ اور ایران کے درمیان طویل عرصے سے جاری شدید تنازع میں ایک نیا معاشی اور سفارتی موڑ اس وقت سامنے آیا ہے جب ٹرمپ نے جاری تصادم کے اخراجات اپنے اتحادیوں سے وصول کرنے اور تہران کو فوجی مدد فراہم کرنیوالے ممالک پر شدید اقتصادی پابندیاں عائد کرنے کا نیا اعلان کیا ہے۔ اس وقت دونوں ممالک کے درمیان فوجی کارروائیوں میں وقتی کمی کی باتیں تو کی جا رہی ہیں لیکن آبنائے ہرمز کی بحالی اور مستقل امن کے قائم ہونے کے حوالے سے دونوں اطراف انتہائی متضاد اور سخت موقف اپنائے ہوئے ہیں۔صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے نشریاتی ادارے کے ساتھ گفتگو میں اس بات پر زور دیا ہے کہ امریکی تحفظ کے تحت آنیوالے ممالک کو جنگ پر آنے والے تمام تر اخراجات واپس کرنا ہوں گے۔ انہوں نے خاص طور پر اسرائیل کا ذکر کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ امریکی مداخلت کے بغیر متعلقہ خطے کا وجود برقرار رہنا ممکن نہیں تھا، اس لیے وہاں سے اخراجات کی مکمل ادائیگی لازم ہے۔ اس کے علاوہ انہوں نے خلیجی ممالک پر بھی زور دیا ہے کہ وہ اس تلافی میں اپنا حصہ ڈالیں۔ دوسری طرف ٹرمپ انتظامیہ نے تجارتی محاذ پر بھی انتباہ جاری کر رکھا ہے کہ جو بھی ملک ایران کو فوجی ہتھیار اور سامان فروخت کرے گا اس کی برآمدات پر پچاس فیصد تلافی محصول نافذ کر دیا جائے گا۔ اس سے قبل وائٹ ہاؤس میں قطر کے وزیراعظم شیخ محمد بن عبدالرحمٰن الثانی کے ساتھ اہم نشست کے بعد امریکی صدر نے اپنے بیانات میں کہا تھا کہ ایران کے خلاف فوجی جنگ تقریباً اختتام پذیر ہو چکی ہے۔ انہوں نے یہ موومنٹ پیدا ہونے پر اطمینان ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت فوری طور پر نئی فوجی ضربوں کی ضرورت نظر نہیں آتی، تاہم امریکی افواج دفاع کے لیے مکمل تیار حالت میں موجود ہیں۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے یہ نکتہ بھی بار بار دہرایا کہ ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی اجازت ہرگز نہیں دی جائے گی اور یہی امریکی پالیسی کا بنیادی محور ہے۔ تہران کی جانب سے ان تمام امریکی دعووں کا انتہائی سخت اور کھرا جواب سامنے آیا ہے۔ ایران کی اعلیٰ قومی سلامتی کونسل کے سیکرٹری محسن رضائی نے اپنے بیان میں امریکی انتظامیہ کو من گھڑت اور فرضی خبریں پھیلانے سے گریز کرنے کا مشورہ دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکہ کو خطے کی نئی حقیقتوں اور طاقت کے توازن کو قبول کرتے ہوئے ایران کی جانب سے پیش کی گئی سات بنیادی شرائط قبول کرنی چاہئیں۔ تہران کا واضح موقف ہے کہ جب تک ناکہ بندی کا خاتمہ، تمام منجمد اثاثوں کی منتقلی، معاشی پابندیوں کی منسوخی، غیر ملکی افواج کا انخلا اور جنگی تاوان کی ادائیگی جیسے مطالبات تسلیم نہیں کیے جاتے، تب تک آبنائے ہرمز میں تجارتی آمدورفت نارمل نہیں ہو سکتی۔ اس سفارتی تعطل کے دوران ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے ان خبروں کی سخت تردید کی ہے جن میں ان کی یا محسن رضائی کی امریکی نائب صدر جے ڈی وینس سے طے شدہ ملاقات کی باتیں کی جا رہی تھیں۔ ان کا کہنا تھا کہ محض فوجی طاقت اور سخت اقتصادی فشار کے ذریعے اس بحران کو حل نہیں کیا جا سکتا۔ صرف باہمی احترام، عزت و وقار کی زبان اور پیش کردہ تجاویز پر سنجیدہ عمل درآمد ہی تہران کے ساتھ پائیدار تصفیے کا واحد راستہ ہے۔ اس وقت قطر اور پاکستان کے ذریعے ثالثی کا عمل اور مختصر المدت خاکہ زیر بحث تو ہے لیکن دونوں ممالک کی اہم قیادت اپنے سخت اور روایتی موقوف پر قائم ہے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here