نیویارک (پاکستان نیوز)حالیہ عوامی جائزے کے مطابق امریکی ووٹروں کی اکثریت سن 2028 کے اگلے صدارتی انتخابات کے لیے کسی جلدی میں نظر نہیں آتی، جس میں محض 40 فیصد افراد نے وائٹ ہاؤس کی اگلی دوڑ کے لیے دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔ وسط مدتی انتخابات کے نتائج کے بعد ہونیوالے اس سروے سے ظاہر ہوتا ہے کہ 54 فیصد امریکی شہریوں نے آنیوالے صدارتی انتخاب کے بارے میں تھوڑا بہت سوچا ہے، تاہم اکثریت کے ذہن میں ابھی تک کوئی واضح امیدوار موجود نہیں ہے۔ ڈیموکریٹک پارٹی کے حامیوں میں سابق نائب صدر کملا ہیرس سب سے زیادہ جانی پہچانی شخصیت ہیں، جن کی حمایت پر 51 فیصد ڈیموکریٹک ووٹروں نے غور کرنے کا عندیہ دیا ہے۔ اس کے علاوہ کیلیفورنیا کے گورنر گیون نیوسم اور ایریزونا کے سینیٹر مارک کیلی کے لیے 22 فیصد، جبکہ جارجیا کے سینیٹر جون اوسوف کے حق میں 16 فیصد ووٹروں نے جوش و خروش دکھایا ہے۔ پنسلوانیا کے گورنر جوش شاپیرو کو 10 فیصد ووٹروں کی پرجوش حمایت حاصل ہے، تاہم 54 فیصد افراد کا کہنا ہے کہ ان کے پاس شاپیرو کے بارے میں کافی معلومات نہیں ہیں۔ دوسری جانب ریپبلکن پارٹی میں نائب صدر جے ڈی وینس اور مارکو روبیو ووٹروں میں جوش پیدا کر رہے ہیں۔ تاہم سابق گورنر کرس کرسٹی کو 46 فیصد اور نکی ہیلی کو 30 فیصد ریپبلکن ووٹروں کی مخالفت کا سامنا ہے، جنہوں نے کہا ہے کہ وہ ان کی حمایت کبھی نہیں کریں گے۔ اسی طرح پیٹ ہیگستھ کے خلاف 25 فیصد، رابرٹ ایف کینیڈی جونیئر کے خلاف 27 فیصد اور سینیٹر رینڈ پال کے خلاف 24 فیصد ریپبلکن ووٹروں نے رائے دی ہے۔












