شکاگو (پاکستان نیوز)ریاست الینوائے میں ڈیموکریٹ امیدوار نبیلہ سید نے ری پبلکن نشست جیت کر ریاستی سینیٹ میں شاندار کامیابی حاصل کر لی۔ریاست الینوائے میں ہونے والے انتخابات میں ڈیموکریٹ پارٹی کی امیدوار نبیلہ سید نے ری پبلکن پارٹی کی نشست جیت کر ایک اہم سیاسی معرکہ سر کر لیا ہے۔ میڈیا کے مطابق انتخابی مقابلے کے دوران نبیلہ سید نے 57 فیصد ووٹ حاصل کیے جبکہ ان کے مد مقابل ری پبلکن امیدوار ڈاربی ہلز کو 43 فیصد ووٹ ملے۔ اس طرح نبیلہ سید نے 14 فیصد کے واضح فرق سے کامیابی حاصل کرکے ری پبلکنز سے یہ نشست چھین لی ہے۔ اس شاندار فتح کے بعد وہ الینوائے کی ریاستی سینیٹ کی رکن منتخب ہو گئی ہیں۔ یاد رہے کہ نبیلہ سید اس سے قبل 2022 میں الینوائے کی ریاستی اسمبلی کی کم عمر ترین اور پہلی مسلمان ارکان میں شامل ہونے کا اعزاز حاصل کر چکی ہیں۔ ان کے والدین 1980 کی دہائی میں بھارتی شہر حیدرآباد سے ہجرت کر کے امریکا منتقل ہوئے تھے۔ حالیہ انتخابی مہم کے دوران مصنوعی ذہانت کے ڈیٹا سینٹرز کا معاملہ انتہائی اہمیت کا حامل رہا اور اس موضوع نے مباحثوں میں نمایاں جگہ حاصل کی۔ اسمبلی کی رکنیت سے لے کر سینیٹ تک کا یہ سفر ان کے سیاسی کیریئر کی ایک بڑی اور اہم پیش رفت ہے۔












