میڈیکیڈپروگرام میں 227 ملین ڈالر کا فراڈ بے نقاب، بھارتی شہری کو سزا

0
2

شکاگو (پاکستان نیوز)الینائے میں مقیم ایک بھارتی شہری سید مرتضی قبیل زادہ نے وفاقی عدالت میں اعتراف کیا ہے کہ اس نے کووڈ ٹیسٹ کٹس کی آڑ میں امریکی حکومت کے طبی امدادی پروگرام سے 227 ملین ڈالر کا فراڈ کیا۔ امریکی محکمہ انصاف کے مطابق ملزم اور اس کے ساتھیوں نے جنوری 2023ء میں شکاگو کے علاقے میں تین میڈیکل لیبارٹریز حاصل کی تھیں جن کے نام شکاگو کیئر، وی کیئر اور ال امیر تھے۔ تفصیلات کے مطابق اس گھناؤنے فراڈ کے لیے پاکستان میں قائم ایک مبینہ ٹیلی مارکیٹنگ کمپنی کو تقریباً 11 ملین ڈالر ادا کیے گئے تاکہ لاکھوں امریکی شہریوں کی ذاتی اور شناخت سے متعلق معلومات حاصل کی جا سکیں۔ ان چوری شدہ معلومات کا استعمال کرتے ہوئے امریکی حکومت کے پروگرام سے کرونا وائرس کی فرضی ٹیسٹ کٹس کے نام پر 227 ملین ڈالر کے جعلی بل جمع کروائے گئے۔ حیرت انگیز بات یہ ہے کہ جن شہریوں کے نام پر یہ بل بنائے گئے تھے انہوں نے نہ تو کبھی ان ٹیسٹ کٹس کا آرڈر دیا تھا اور نہ ہی انہیں کوئی کٹس فراہم کی گئی تھیں۔ اس کے باوجود امریکی حکومتی پروگرام نے ان جعلی دعووں کے عوض تقریباً 136 ملین ڈالر کی ادائیگی کر دی۔ امریکی حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان نے اس فراڈ کی رقم کو چھپانے کے لیے بیرون ملک رقوم کی منتقلی اور غیر قانونی منی ٹرانسفر نیٹ ورکس کا سہارا لیا، جبکہ اس حرام کمائی کا ایک بڑا حصہ پرتعیش گاڑیاں خریدنے پر بھی خرچ کیا گیا۔ امریکی قانون نافذ کرنے والے اداروں نے کارروائی کرتے ہوئے دس مختلف بینک اکاؤنٹس سے 6 ملین ڈالر سے زائد کی رقم ضبط کر لی ہے۔ اس سنگین مقدمے میں بھارتی شہری کو عدالت کی طرف سے زیادہ سے زیادہ 20 سال تک کی قید کی سزا سنائی جا سکتی ہے۔

 

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here