واشنگٹن (پاکستان نیوز)امریکی ایوان نمائندگان میں دفاعی سیکرٹری پیٹ ہیگسیتھ کیخلاف پیش کی جانے والی مواخذے کی قرارداد کو سخت مقابلے کے بعد ناکامی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ اس کارروائی کے دوران تحریک کی حمایت میں 204 اور مخالفت میں 211 ووٹ پڑے جس کے نتیجے میں یہ قرارداد ایوان سے منظور نہ ہو سکی۔ تاہم اس ووٹنگ کے دوران سامنے آنے والے اعداد و شمار نے ایک نیا سیاسی بحران کھڑا کر دیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق اگر ڈیموکریٹک پارٹی کے 11 اراکین ایوان میں موجود ہوتے اور وہ اس تحریک کے حق میں ووٹ دیتے تو یہ قرار داد 215 کے مقابلے میں 211 ووٹوں سے پاس ہو سکتی تھی۔ ڈیموکریٹک پارٹی کے ان اراکین کی غیر حاضری کے باعث سیاسی حلقوں اور عوامی سطح پر شدید تحفظات اور غصے کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ ناقدین کے مطابق مذکورہ اراکین کی عدم موجودگی نے ایک انتہائی اہم قومی اور بین الاقوامی معاملے میں احتساب کا عمل روک دیا۔ مزید برآں یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ غیر حاضر رہنے والے ان تمام 11 اراکین نے مختلف اسرائیل نواز مالیاتی گروہوں اور تنظیموں سے مالی معاونت حاصل کی تھی۔ اس فہرست میں ہیلی سٹیونز جنہیں تقریباً 15.9 ملین ڈالر موصول ہوئے تھے اور نینسی پیلوسی شامل ہیں جنہیں 166 ہزار ڈالر ملے۔ دیگر اراکین میں لورا گلین، میریلن اسٹرکلینڈ، اسٹیون ہورسفورڈ، جولیا براؤنلی، برٹنی پیٹرسن، لو کوریا، میلانی اسٹینسبری، فریڈریکا ولسن اور جوناتھن جیکسن بھی شامل ہیں جن کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ انہوں نے ان اداروں سے مختلف ترقیاتی فنڈز حاصل کیے۔ عوامی حلقے اس اقدام کو احتساب کے اصولوں سے انحراف قرار دے رہے ہیں۔











