پاکستان میں حکومتوں کی توڑ پھوڑ کا سلسلہ آغاز پاکستان سے چلا آ رہا ہے کہ جب پاکستان کے پہلے گورنر جنرل بانی پاکستان قائد اعظم نے تمام صوبوں کی منتخب حکومتوں کا خاتمہ کیا تھا جس پر ان کے ہر دلعزیز 1940 کی قرارداد لاہور کے خالق اور بنگال کے وزیر اعلی مولوی فضل حق بھی سخت ناراض ہوئے تھے۔ بعد ازاں ملک کے گورنر جنرلوں نے 9 سال اور فوجی جنرلوں نے 35 سال تک براہ راست حکومت کی ہے جبکہ بقیہ مدت تک سول حکومتوں کی توڑ پھوڑ کے ذریعے حکمرانی کی گئی ہے۔
جس کے خلاف 90 کی دہائی میں ڈھائی ڈھائی سالہ سول حکمرانی کے ہاتھوں تنگ آ کر جب بینظیر بھٹو شہید اور نواز شریف نے اپنی غلطیوں کے ازالے کے لیے میثاق جمہوریت پر دستخط کیے کہ اب ہم سب میں کوئی بھی جنرلوں کی سازش کا حصہ نہیں بنیں گے اور ملک میں بااختیار اور مضبوط حکومتیں وجود میں لائی جائیں گی، تو جنرل مشرف نے بینظیر بھٹو کو سرعام شہید کرا دیا جبکہ نواز شریف اس سیاستدانوں کے خاتمہ سازش سے اس لیے بچ گئے کہ وہ پنجاب سے تعلق رکھتے تھے تاکہ کہیں پنجاب میں کوئی شدید ردعمل ابھر کر نہ آ جائے جس سے پنجاب کے عوام ایسے سازشی جنرلوں کو اپنے گھروں اور گلی کوچوں میں نہ مار ڈالیں۔
چنانچہ دونوں پارٹیوں کے میثاق جمہوریت کیخلاف جنرلوں نے اپنی گود سے برطانوی عہد غلامی کے کھیل کرکٹ کے ایک ایسے کپتان عمران خان کو تیار کر کے سامنے لایا جن کے کھیل کو پاکستان کی 99 فیصد آبادی جانتی تک نہیں تھی، جس میں جنرل ضیاء بطور تاحیات، جنرل حمید گل مالی، جنرل مشرف اخوالی، جنرل پاشا خاص خیالی، جنرل راحیل شریف دھرنہ بازی اور جنرل باجوہ اور جنرل فیض حمید امانتی ثابت ہوئے، جس کے بعد میثاق جمہوریت کیخلاف کھلی جنگ چھیڑ دی گئی جس کے عوض عمران خان کو 2018 میں ڈبہ بند، عملہ بند، کمپیوٹر بند اور نتائج بند کے بعد اقتدار میں لایا گیا۔
یہ حکومت بری طرح ناکام ہوئی اور جب پاکستان دیوالیہ پن کا شکار ہو کر اعلان بینک کرپسی کے قریب تھا جس میں اسٹیٹ بینک تک آئی ایم ایف کے حوالے کر دیا گیا کہ اب جو کرنسی چھپے گی وہ آئی ایم ایف کے حکم پر چھاپی جائے گی، تو جنرل باجوہ نے اپنے بغل بچہ پارٹیوں ایم کیو ایم اور باپ پارٹی کے چند ممبران کے ووٹوں کے ذریعے عدم اعتماد کے ذریعے عمران خان کو برطرف کرتے ہوئے پاکستان کی مردہ لاش اپوزیشن پارٹیوں پی پی پی، نون لیگ اور جے یو آئی وغیرہ کے حوالے کر دی جو آج تک اس لاش کو اٹھائے پھر رہے ہیں اور جن کے پیچھے جنرل عاصم منیر کا ڈنڈا ہے۔
جو بھی پارٹی ادھر ادھر ہونے کی کوشش کرتی ہے تو جنرل عاصم منیر ان کو جیل میں قیدی نمبر 804 عمران خان کی شکل دکھا کر خوف زدہ رکھتا ہے، تاہم پاکستان میں چند سالہ سویلین حکومتوں کی تشکیل و تحلیل کا سلسلہ آج بھی اپنے عروج پر ہے جو جنرلوں کے ٹائم ٹیبل میں درج ہے کہ ہر سویلین حکومت چند سال کے بعد فارغ کر دی جائے گی چاہے وہ اپنے چہیتے عمران خان یا پھر سوتیلے شریف اور زرداری بیٹوں کی حکومتیں ہوں۔
جس کے لیے جرنیلی ترجمان وزیر داخلہ محسن نقوی نے سب سے پہلے اعلان بغاوت کیا ہے کہ یہ نظام حکومت ناکام ہو چکا ہے اور ملک اب نہیں چل رہا ہے جس کا مطلب اور مقصد ملک کا موجودہ پارلیمانی نظام کی جگہ صدارتی آمرانہ اور جابرانہ نظام چاہیے جو جنرلوں کا پسندیدہ نظام حکومت ہے جس میں تمام اختیارات صدر کے پاس ہوتے ہیں، جسے جنرل ایوب خان، جنرل یحیی خان، جنرل ضیاء اور جنرل مشرف نے سول حکومتوں پر باغیانہ قبضے کے بعد نافذ کیا تھا اور جو شاید اب پھر کسی اور جنرل کو حکمرانی کے لیے لانے کی سازش کی جا رہی ہے تاکہ اب آئین بدل کر صدارتی نظام نافذ کیا جائے، جبکہ موجودہ آئین پارلیمانی نظام حکومت کا ہے جسے بدلا نہیں جا سکتا اور اگر بدلا گیا تو فیڈریشن ٹوٹ جائے گی جس طرح 1971 میں جنرلوں نے پاکستان توڑا تھا۔
بہرکیف موجودہ سول حکومتوں کے خاتمہ کے لیے ملک میں ایک بے مقصد اور فضول قسم کا نئے صوبوں کا نعرہ بلند کیا گیا ہے جس کے حق میں سوائے تحریک انصاف اور ایم کیو ایم کے علاوہ کوئی دوسری پارٹی نہیں ہے مگر اس بحث کو دن رات جاری رکھا ہوا ہے جس سے صوبوں میں ایک دوسرے کے خلاف نفرتیں جنم لے رہی ہیں جو جنرلوں کے ایجنڈے میں شامل ہے کہ پاکستان میں نسلی، لسانی، علاقائی اور مذہبی نفرتوں کا سلسلہ جاری رکھا جائے تاکہ ان کی حاکمیت قائم رہے چاہے ملک کئی حصوں میں بٹ جائے۔
بہر حال پاکستان میں سول حکومتوں کی چند سالہ مدت ملازمت پوری ہو چکی ہے اور ایک طرف عمران خان کے ساتھ جیل میں ملاقاتوں کا سلسلہ جاری ہے جن کے 190 ملین پونڈ منی لانڈرنگ کی رقم کیس کی سزا کی اپیل زیر سماعت کے بعد رہائی ممکن ہے، تو دوسری طرف پنجاب کی عورتوں کی حکومت کا گھیراؤ ہو رہا ہے جن کے خلاف جرنیلی کتے چھوڑ دیے گئے ہیں جو دن رات کاٹنے کی کوشش کر رہے ہیں جس کے نتائج اور اثرات چند ماہ بعد آنے شروع ہو جائیں گے کہ ملک میں چند سالہ سول حکمرانی میں توسیع ہوگی یا نہیں۔
قصہ مختصر پاکستان میں سول حکومتوں کا قیام ایک خواب ہے جس کے دشمن بوٹوں والے اور بوٹ پالش سیاستدان ہیں جن کی وجہ سے ملک میں افراتفری اور بے چینی کا عالم ہے جو ملک میں غیر استحصالی اور غیر استحکامی حالات کے ذمہ دار ہیں۔

![2021-04-23 18_32_09-InPage - [EDITORIAL-1-16] رمضان رانا](https://weeklynewspakistan.com/wp-content/uploads/2021/04/2021-04-23-18_32_09-InPage-EDITORIAL-1-16.png)











