عالمی طاقتوں کی نئی صف بندی!!!

0
24

عالمی سیاست میں بعض اوقات چند سفارتی ملاقاتیں آنے والے کئی برسوں کی سمت متعین کر دیتی ہیں۔ بظاہر یہ ملاقاتیں امن، مذاکرات اور اسٹریٹجک استحکام کے نام پر ہوتی ہیں، لیکن ان کے پس پردہ عالمی طاقتوں کے مفادات، علاقائی اثر و رسوخ اور مستقبل کی جغرافیائی سیاست کے بڑے سوالات موجود ہوتے ہیں۔ روس، امریکا اور چین کی قیادت کی ملاقات بھی اسی تناظر میں غیر معمولی اہمیت رکھتی ہے۔
چین کے شہر شینزین میں تینوں بڑی طاقتوں کے صدور کی ملاقات محض ایک سفارتی تقریب نہیں بلکہ عالمی سیاست کے بڑے کھلاڑیوں کی ایسی بیٹھک تھی جہاں دنیا کے کئی اہم تنازعات اور مستقبل کے معاملات زیر بحث آئے ہیں۔ چینی وزارت خارجہ کی ترجمان ماؤ ننگ، وائٹ ہاؤس کی ترجمان اولیویا ویلز اور روسی ترجمان دمتری پیسکوف سے منسوب بیانات کے مطابق اس ملاقات میں امن، بڑی طاقتوں کے درمیان اسٹریٹجک استحکام اور جوہری ہتھیاروں میں کمی جیسے معاملات اہمیت رکھتے ہیں۔
ایک اہم سوال کہ جب دنیا کی تین بڑی طاقتیں ایک میز پر بیٹھ کر عالمی معاملات کی سمت متعین کرنے کی کوشش کر رہی ہوں تو ان تنازعات کے براہ راست متاثرین کی سفارتی پوزیشن کیا ہوگی؟
ایران کے حالیہ سفارتی رابطے اسی سوال کو مزید اہم بنا دیتے ہیں۔ ایرانی سپریم نیشنل سیکیورٹی کونسل کے سیکرٹری محسن رضائی کا ماسکو کا دورہ اور روسی قیادت سے ملاقات، جبکہ علی باقری کا بیجنگ جانا، اس بات کی علامت سمجھا جا سکتا ہے کہ تہران اپنے سفارتی امکانات کو محدود نہیں رکھنا چاہتا۔ ایران جانتا ہے کہ جنگ صرف میدان میں نہیں لڑی جاتی، اس کے سیاسی اور سفارتی محاذ بھی ہوتے ہیں۔ چنانچہ وہ ایسے عالمی دارالحکومتوں کے دروازے کھٹکھٹا رہا ہے جہاں سے اسے سیاسی حمایت، سفارتی گنجائش یا مستقبل کے مذاکرات میں کوئی فائدہ مل سکتا ہے۔
پاکستان اس وقت ایک ایسے خطے میں کھڑا ہے جہاں مشرقِ وسطیٰ کی جنگ، ایران کے ساتھ تعلقات، خلیجی ممالک کے تحفظات اور امریکا کے ساتھ دفاعی و سفارتی روابط ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہیں۔ پاکستان کی جغرافیائی اہمیت اسے اس پورے منظرنامے میں ایک منفرد مقام رکھتی ہے۔ ایران کے ساتھ طویل سرحد، سعودی عرب اور دیگر خلیجی ممالک کے ساتھ قریبی تعلقات، چین کے ساتھ اسٹریٹجک شراکت داری اور امریکا کے ساتھ دفاعی و سفارتی رابطے پاکستان کو ایک ممکنہ ثالث کا کردار ادا کرنے کا موقع فراہم کرتے ہیں۔
پاکستان نے مشرقِ وسطیٰ میں اپنے سفارتی کردار کو بڑھانے کی کوشش کی ہے۔ ایران اور خلیجی ممالک کے درمیان کشیدگی کم کرنے، جنگ کے پھیلاؤ کو روکنے اور علاقائی استحکام کے لیے سفارتی رابطوں میں اہم کردار ادا کیاہے لیکن ثالثی کا کردار صرف ملاقاتوں اور بیانات سے نہیں بنتا۔ اس کے لیے تمام فریقوں کا اعتماد، واضح سفارتی حکمت عملی اور اپنے قومی مفادات کا تحفظ بنیادی شرائط ہیں۔ پاکستان کے لیے یہ معاملہ محض خارجہ پالیسی کا سوال بھی نہیں ہے۔ ایران کے خلاف جنگ کے اثرات پاکستان کی معیشت تک براہ راست پہنچتے ہیں اس کے علاوہ ایران کے ساتھ سرحدی سلامتی، بلوچستان کی صورت حال اور خطے میں فرقہ وارانہ کشیدگی کے امکانات بھی پاکستان کے لیے تشویش کا باعث ہیں۔ایسے حالات میں پاکستان کی دفاعی سفارت کاری کو محض عسکری تعاون تک محدود نہیں رہنا چاہیے بلکہ اسے علاقائی امن، توانائی کے تحفظ اور اقتصادی استحکام کے وسیع تر تناظر میں آگے بڑھانے کی ضرورت ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ عالمی بینک نے بھی یکم جولائی دوہزار پچیس سے پاکستان اور افغانستان کو جنوبی ایشیا کے بجائے مشرقِ وسطیٰ، شمالی افریقہ، افغانستان اور پاکستان کے علاقائی گروپ میں شامل کر دیا ہے، جسے پاکستان کی جغرافیائی و معاشی اہمیت کے نئے تناظر میں دیکھا جا سکتا ہے۔یہ تبدیلی پاکستان کے لیے ایک نئے اقتصادی اور سفارتی ماحول میں اپنی جگہ بنانے کا موقع بھی فراہم کرتی ہے۔ مشرقِ وسطیٰ کے ساتھ تجارت، توانائی، سرمایہ کاری، علاقائی رابطوں اور بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں میں پاکستان کے لیے نئے امکانات پیدا ہو سکتے ہیں۔لیکن نئے علاقائی کردار کے ساتھ پرانے تنازعات بھی نئے انداز میں سامنے آتے ہیں۔ پاکستان کا سب سے پرانا اور پیچیدہ علاقائی مسئلہ بھارت کے ساتھ تعلقات ہیں۔ دونوں ممالک کے درمیان سیاسی کشیدگی، سرحدی تنازعات اور دفاعی مقابلہ آرائی کسی بھی نئی علاقائی پیش رفت کو متاثر کر سکتی ہے۔ پاکستان اگر مشرقِ وسطیٰ میں زیادہ فعال کردار ادا کرتا ہے تو اسے جنوبی ایشیا میں اپنی سلامتی اور سفارتی ترجیحات سے بھی غافل نہیں ہونا چاہیے
پاکستان کے اندرونی سیاسی عدم استحکام اور بدامنی بھی اس کی خارجہ پالیسی کی صلاحیتوں پر اثر انداز ہوتے ہیں۔ یہ حقیقت اپنی جگہ موجود ہے کہ خطے کی بڑی طاقتیں اپنے مفادات کے لیے مختلف سفارتی، معاشی اور تزویراتی ذرائع استعمال کرتی ہیں، لیکن پاکستان میں جاری سیاسی بحران اور داخلی سلامتی کے مسائل کو صرف بیرونی مداخلت کا نتیجہ قرار دینا بھی درست نہیں ہوگا۔ ان چیلنجز کے مقامی اسباب اور ریاستی پالیسیوں کا جائزہ بھی ضروری ہے۔
اصل سوال یہ ہے کہ کیا پاکستان اپنی موجودہ سفارتی اہمیت کو مستقل اسٹریٹجک فائدے میں تبدیل کر پائے گا؟ کیا وہ ایران، سعودی عرب، امریکا، چین اور روس کے ساتھ اپنے تعلقات میں ایسا توازن قائم کر سکے گا جس سے کسی ایک فریق کی ناراضی کے بغیر قومی مفادات کا تحفظ ممکن ہو؟
شینزین میں ہونیوالی ملاقات اس حوالے سے پاکستان کے لیے ایک اہم سفارتی امتحان بھی بن سکتی ہے۔ اگر تین بڑی طاقتیں ایران کی جنگ اور مستقبل کے علاقائی انتظامات پر کوئی مشترکہ لائحہ عمل بنانے میں کامیاب ہوتی ہیں تو اس کے اثرات پورے خطے پر مرتب ہوں گے۔ پاکستان کو چاہیے کہ وہ اس سفارتی عمل سے لاتعلق رہنے کے بجائے اپنے مؤقف اور مفادات کو مؤثر انداز میں عالمی سطح پر پیش کرے۔بالآخر پاکستان کے لیے اصل کامیابی کسی عالمی طاقت کے قریب ہونے یا کسی تنازع میں کسی ایک فریق کا ساتھ دینے میں نہیں، بلکہ اپنے جغرافیے، سفارتی تعلقات اور دفاعی صلاحیت کو قومی مفاد کے لیے استعمال کرنے میں ہے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here