نیویارک (پاکستان نیوز)وفاقی عدالت نے بھارتی شہری نکھل گپتا کو نیویارک شہر میں ایک سکھ علیحدگی پسند اور خالصتان کے حامی رہنما گرپتونت سنگھ پنوںکے قتل کی ناکام سازش کا منصوبہ بنانے کے اعتراف پر 19 سال سے زائد قید کی سزا سنائی۔ حکام کے مطابق یہ مقدمہ امریکی اور کینیڈین حکام کی جانب سے بھارتی مخالف آوازوں کو نشانہ بنانے کی ایک وسیع تر کوشش قرار دی جانے والی کارروائیوں سے جڑا ہوا ہے۔ 55 سالہ نکھل گپتا نے فروری میں اجرتی قتل، اجرتی قتل کی سازش اور رقوم کی غیر قانونی منتقلی کی سازش کے الزامات میں اپنا جرم تسلیم کیا تھا۔ مین ہٹن کی وفاقی عدالت میں سماعت کے دوران امریکی ضلعی جج وکٹر ماریرو نے انہیں 235 ماہ قید کی سزا سنائی۔ استغاثہ کے مطابق گپتا نے ایک بھارتی سرکاری اہلکار کے ساتھ مل کر گرپتونت سنگھ پنوں کو قتل کرنے کی سازش رچی، جو دوہری امریکی و کینیڈین شہریت کے حامل ہیں اور نیویارک میں سکھ فار جسٹس کے وکیل کی حیثیت سے شمالی بھارت میں ایک خودمختار سکھ ریاست کی حمایت کرتے رہے ہیں۔ عدالتی دستاویزات کے مطابق گپتا اور بھارتی سرکاری اہلکار وکاش یادو نے ایک مبینہ کرائے کے قاتل کو 15000 ڈالر نقد پہنچانے کا بندوبست کیا تھا، جو دراصل امریکی قانون نافذ کرنے والے ادارے کا خفیہ افسر تھا۔ وکاش یادو پر بھی مقدمہ درج ہے، تاہم وہ امریکی حراست میں نہیں ہیں۔ بھارتی حکومت نے پنوں کے خلاف کسی بھی سازش سے خود کو الگ کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ سرکاری پالیسی کے خلاف ہے۔ سماعت کے دوران نکھل گپتا نے معافی مانگی اور کہا کہ انہیں اپنے خاندان، متاثرہ برادریوں اور پنوں کو پہنچنے والے نقصان پر افسوس ہے۔ دوسری جانب پنوں نے امریکی کارروائی پر شکریہ ادا کرتے ہوئے اپنے مؤقف پر قائم رہنے کا عزم ظاہر کیا۔











