بیروت (پاکستان نیوز) اقوام متحدہ کے اقتصادی اور سماجی کمیشن برائے مغربی ایشیا کے جاری کردہ ایک سروے میں بتایا گیا ہے کہ عرب ممالک میں 130ملین افراد غربت کا شکار ہیں۔چینی خبررساں ادارے کے مطابق اقوام متحدہ کے سروے آف اکنامک اینڈ سوشل ڈویلپمنٹ ان عرب ریجن میں کہا گیا ہے کہ خلیج تعاون کونسل ( جی سی سی ) ممالک اور لیبیا کو چھوڑ کر عرب خطے کی ایک تہائی آبادی غربت سے متاثر ہے ۔سروے میں آئندہ دو سالوں میں غربت کی سطح میں مزید اضافے کی توقع ہے، جو 2024 میں آبادی کے 36 فیصد تک پہنچ جائے گی،مزید برآں عرب خطہ میں 2022 میں بے روزگاری کی شرح 12 فیصد درج کی ہے۔ سروے کے سرکردہ مصنف احمد مومی نے کہا کہ جی سی سی اور دیگر تیل برآمد کرنے والے ممالک توانائی کی بلند قیمتوں سے مستفید ہوتے رہیں گیجبکہ تیل درآمد کرنے والے ممالک کئی سماجی اقتصادی چیلنجوں کا شکار ہوں گے، جن میں توانائی کی بڑھتی قیمتوں، خوراک کی فراہمی میں کمی، اور سیاحت اور بین الاقوامی امداد کی آمد میں کمی شامل ہے۔