نیویارک (پاکستان نیوز)آزادی اظہار اور انسانی حقوق کے لیے سرگرم ادبی تنظیم پین امریکہ کے 100 سے زائد ادیبوں، مدیران اور ادبی شخصیات نے غزہ جنگ اور دیگر پالیسیوں پر بڑھتے ہوئے اختلافات کے باعث ایک الگ گروپ تشکیل دینے کا اعلان کر دیا ہے۔ اس نئے مجوزہ ادارے کو پین رائٹس یو ایس کا نام دیا گیا ہے، جو پین امریکہ سے آزاد حیثیت میں کام کرنا چاہتا ہے۔ نمایاں ادیبوں میں تا نہیسی کوٹس، ایم گیسن، جیکولین ووڈسن اور مازا مینگستے شامل ہیں۔ منتظمین کے مطابق یہ نیا ادارہ مساوی اور مسلسل وکالت پر مبنی ہوگا، جہاں ادارہ جاتی احتیاط کے بجائے تمام ادیبوں کے حقوق کا تحفظ اولین ترجیح رہے گا۔ ناقدین کا کہنا ہے کہ پین امریکہ نے غزہ جنگ کے دوران اسرائیلی اقدامات پر تنقید اور فلسطینی ادیبوں کے دفاع میں وہ سرگرمی نہیں دکھائی جو دوسرے معاملات میں نظر آتی ہے۔ اس کے علاوہ ثقافتی بائیکاٹ کے سوال پر بھی شدید اختلافات پائے جاتے ہیں، جبکہ نیا گروپ ثقافتی بائیکاٹ کے حوالے سے زیادہ کھلا موقف رکھتا ہے۔ دوسری جانب پین امریکہ کا کہنا ہے کہ وہ آزادی اظہار کو ایک آفاقی حق سمجھتا ہے جس کا تحفظ ہر نقطہ نظر کے لیے ضروری ہے۔ نیا گروپ آئندہ برس ستمبر میں مونٹی نیگرو میں ہونے والے بین الاقوامی اجلاس میں سرکاری منظوری حاصل کرنے کا ارادہ رکھتا ہے، تاہم پین امریکہ کے مقابلے میں اس کا ڈھانچہ اور دائرہ کار فی الحال محدود ہوگا۔









