نیویارک (پاکستان نیوز) اسلامی ممالک کی نمائندہ تنظیم او آئی سی اور اقوام متحدہ میں تعاون کی قرارداد کو بھاری اکثریت سے منظور کر لیا گیا ہے ، اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب سفیر منیر اکرم نے قراداد کے بارے میں افتتاحی خطاب میں کہا کہ اس سال قراداد میں 15 مارچ کو اسلاموفوبیا کو منانے کا ذکر ہے۔یہ قرارداد اقوام متحدہ اور اسلامی ممالک کے مابین مشترکہ مسائل کے حل پر روشنی ڈالتی ہے، اسلامی ممالک کے لئے حق خودارادیت، دہشتگردی کا خاتمہ، اور ملکی سالمیت جیسے اصولوں کی روشنی میں مسائل کے حل کیلئے اہمیت ہے۔یہ قراداد بین المذاہب یکجہتی کی روح میں مذہب کے نام پر نفرت کے رجحان کا خاتمہ چاہتی ہے۔سفیر منیر اکرم نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل جناب انتونیو گوترس کا اسلامی ممالک کے تعاون کی تنظیم کے ساتھ تعاون کا شکریہ ادا کیا، سیکرٹری جنرل کی سالانہ رمضان المبارک میں روایتی تقریبات کا تذکرہ کرتے ہوئے انہوں نے ان کے کردار کو سراہا۔